مرشدآباد میں ممبر پارلیمنٹ کی گاڑی کی زد میں آنے سے ایک لڑکے کی موت
کلکتہ,نومبر۔مغربی بنگال کے مرشد آباد ضلع میں ایک چھ سالہ لڑکے کی ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ ابوطاہر خان کے کار کی زد میں آنے کی وجہ سے موت ہوگئی ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ پیار کھالی گاؤں کے قریب پیش آیا۔ابوطاہر خان اپنی کار سے بہرام پور جارہے تھے۔ہلاکت کی خبر پھیلنے کے بعد سے علاقے میں احتجاجی مظاہرے اور سڑکیں بند ہیں۔لڑکے کی عمر بھی مختلف طور پر چار، پانچ اور سات سال بتائی گئی ہے۔ پولیس نے کار ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی کو قبضے میں لے لیاہےپولس افسران اور عینی شاہدین کے مطابق لڑکا کھیل رہا تھا کہ وہ گاڑی کے سامنے آگیا۔لڑکا شدید زخمی تھا، اور ممبر پارلیمنٹ اسے قریبی اسپتال لے گئے جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔سینئر پولس آفیسر نے یواین آئی کو بتایا کہ ہم نے گاڑی کے ڈرائیور عالمگیر منڈل کو گرفتار کر کے گاڑی قبضے میں لے لیا ہے۔ ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ایک عینی شاہد نے لڑکے کے والد حمیدالحق کے حوالے سے بتایا کہ رکن پارلیمنٹ کی کار تیز رفتاری سے چل رہی تھی۔ تاہم ابوطاہر خان نے اس بات کی تردید کی ہے کہ ان کی کار تیز رفتاری سے چل رہی تھی۔ کچھ دکانداروں کا کہنا ہے کہ کار کے ڈرائیور نے اس بات کا خیال نہیں رکھا گیا کہ بچہ کھیل رہا ہے۔ممبر پارلیمنٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ تدفین میں وہ لڑکے کے گاؤں جائیں گے اور اس کے والدین سے ملاقات کریں گے۔