مدھیہ پردیش کے کانگریس لیڈر نے راہل گاندھی سے ملاقات کی

بھوپال، نومبر۔بھارت جوڑو یاترا کے لیے مدھیہ پردیش میں کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی کے داخلے سے قبل تیز رفتاری سے جاری تیاریوں کے درمیان ریاستی کانگریس کے سینئر لیڈروں نے آج مہاراشٹر کے مالیگاؤں-جہانگیر پہنچنے کے بعد مسٹر گاندھی سے ملاقات کی۔ ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ کے علاوہ سابق وزیر اعلیٰ اور اس یاترا کے کوآرڈینیٹر دگ وجے سنگھ، پارٹی کے ریاستی انچارج جے پی اگروال، قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر گووند سنگھ، سابق مرکزی وزیر ارون یادو، سابق وزیر کانتی لال بھوریا اور سابق ریاستی صدر سریش پچوری بھی اس دوران موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران مسٹر گاندھی کو مدھیہ پردیش میں بھارت جوڑو یاترا کی تیاریوں کے بارے میں بتایا گیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق مسٹر گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا 23 نومبر کو مہاراشٹر سے مدھیہ پردیش کے برہان پور ضلع میں داخل ہوگی۔ یہ یاترا ریاست کے مغربی حصے کے مختلف اضلاع سے ہوتے ہوئے اندور اور اجین بھی جائے گی۔ اجین میں مسٹر گاندھی شری مہاکال مندر میں درشن کے علاوہ وہ ایک اجتماع سے بھی خطاب کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد مسٹر گاندھی 05 دسمبر کو شاجاپور اور اگرمالوا اضلاع سے ہوتے ہوئے راجستھان کی سرحد میں داخل ہوں گے۔ریاستی کانگریس تنظیم یاترا کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے میں لگی ہوئی ہے۔ مدھیہ پردیش میں ان کی 13 روزہ یاترا کے دوران یاترا میں شامل رہنماؤں اور کارکنوں کے لیے رہائش، کیٹرنگ اور بنیادی سہولیات کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

Related Articles