مجھے ایک بار پھر گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی: محبوبہ مفتی

سری نگر، ستمبر۔ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا دعویٰ ہے کہ انہیں بدھ کے روز ایک بار پھر خانہ نظر بند رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے آج ترال جانے کا پروگرام بنایا تھا جہاں گذشتہ روز فوج نے مبینہ طور پر ایک گاؤں کی توڑ پھوڑ کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کشمیر کی اصلی تصویر ہے جو یہاں آنے والے معززین کو دکھائی جانی چاہئے۔موصوف صدر نے یہ باتیں بدھ کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہیں۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر ایک تصویر بھی اپ لوڈ کی ہے جس میں سیکورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو ان کے دروازے کے باہر کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔ان کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا: ’ترال، جہاں ایک گاؤں میں فوج نے مبینہ طور پر توڑ پھوڑ کی ہے، جانے سے روکنے کے لئے مجھے ایک بار پھر گھر میں بند کر دیا گیا۔ یہ کشمیر کی اصل تصویر ہے جو حکومت ہند کی ہدایات پر ہونے والے پکنک دوروں کی بجائے یہاں آنے والے معززین کو دکھائی جانی چاہئے‘۔محبوبہ مفتی نے گذشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں الزام لگایا تھا کہ ترال میں یگونی کیمپ کے فوجی اہلکاروں نے گھروں کی توڑ پھوڑ کی اور ایک کنبے کے افراد کی بے رحمی سے پٹائی کی۔ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا کہ اس کنبے کی ایک لڑکی کو شدید زخمی ہونے کے سبب ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔بتادیں کہ ترال کے سیر جاگیر علاقے کے ایک کنبے نے فوج پر ان کی بیٹی کو زد کوب کرنے کا الزام لگایا تھاتاہم فوج نے کنبے کی طرف سے لگائے گئے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

Related Articles