مجاہد آزادی الوری سیتاراماراجو ہمیشہ یادرکھے جائیں گے:وزیراعظم مودی
حیدرآباد ،جولائی۔وزیراعظم مودی نے کہا ہے کہ عظیم مجاہد آزادی الوری سیتاراماراجو ہمیشہ یادرکھے جائیں گے۔وہ ملک کیلئے جذبہ ہیں۔مودی نے آندھراپردیش کے مغربی گوداوری ضلع کے بھیماورم میں الوری سیتاراماراجو کے کانسہ کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس مقدس سرزمین پر آنے پروہ خود کو خوش قسمت محسوس کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مجاہدین آزادی کی جدوجہد کسی ایک مذہب سے تعلق نہیں رکھتی۔ان تمام نے ملک کی آزادی کیلئے لڑائی لڑی تھی۔الوری سیتاراماراجو ان میں سے ایک تھے جنہوں نے اپنی شہادت تک جدوجہد کے سلسلہ کو جاری رکھاتھا۔وہ بہادری اورعزم کا نشان تھے۔ انہوں نے یادہانی کروائی کہ نوجوانوں نے آزادی کی جدوجہد میں اہم رول اداکیاتھا۔آج کے نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ ہندوستان کو آگے لے جانے کے لئے نئے مواقع سے استفادہ کریں۔وزیراعظم نے اپنی تقریر میں اے پی کی سرکردہ شخصیات جیسے ترنگا کا ڈیزائن تیار کرنے والی پنگلی وینکنا،کے ہنمنت، پوٹی سری راملو، کندوکوری ویراشالنگم، یو نرسمہاریڈی کی خدمات کی ستائش کی۔انہوں نے کہاکہ ہر ایک کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ نئے بھارت کی تعمیر کے لئے اپنارول اداکریں اور ان ہیروز کے خوابوں کو پوراکرے۔وزیراعظم نے دعوی کیا کہ برسراقتدارآنے کے بعد قبائلیوں کی جانب سے تیارکردہ 90پراڈکٹس پر اقل ترین قیمتیں فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام سہولیات قبائلی اضلاع میں فراہم کی جارہی ہیں۔