لیجنڈ فار ایور،کریئر کے اختتام پر سرینا ولیمز کو اہم شخصیات کا خراجِ تحسین
نیویارک ،ستمبر۔تین گھنٹے ، چار منٹ ، یہ امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کے کریئر کے آخری میچ کا مکمل دورانیہ تھا جس میں 29 سالہ آسٹریلوی کھلاڑی آئیلا ٹومیانووچ نے انہیں تین سیٹس میں شکست دی اور اسی کے ساتھ ہی ولیمز کا کریئر بھی اختتام پذیر ہو گیا۔عالمی نمبر دو اسٹونیا کی انیت کونتاویت کو دوسرے راؤنڈ مقابلے میں سات چھ، دو چھ اور چھ دو سے شکست دے کر سرینا ولیمز نے اپنے آخری یو ایس اوپن کو یادگار تو بنایا، لیکن تیسرے راؤنڈ سے آگے نہ جاسکیں۔نیویارک میں کھیلے گئے میچ میں چھ بار یو ایس اوپن کا سنگلز ٹائٹل جیتنے والی سرینا ولیمز کا مقابلہ اپنے سے 11 سال چھوٹی آئیلا ٹومیانووچ سے تھا۔سرینا ولیمز نے عالمی نمبر 46 سے مقابلہ خوب کیا اور پہلے سیٹ میں بھی اْنہیں سخت مقابلے کے بعد پانچ کے مقابلے میں سات گیمز سے شکست ہوئی۔ اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے انہوں نے دوسرے سیٹ میں کم بیک کیا اور ٹائی بریک جیت کر میچ ایک ایک سیٹ سے برابر کردیا۔تاہم تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں آسٹریلوی حریف نے سرینا کو سنبھل کر نہ کھیلنے دیا اور مسلسل چھ گیمز جیت کر سابق عالمی نمبر ایک کو ایونٹ سے باہر کردیا۔آئیلا ٹومیانووچ کی جیت کا اسکور سات پانچ، چھ سات اور چھ ایک رہا، اس میچ کے ساتھ ہی سرینا ولیمز کا بطور ٹینس کھلاڑی سفر ختم ہوگیا۔ایک روز قبل ہی وہ یو ایس اوپن کے ڈبلز ایونٹ میں اپنی بہن وینس ولیمز کے ساتھ ایکشن میں نظر آئی تھیں لیکن چیک جوڑی لنڈا نوسکووا اور لوسی ہرادیسکا نے انہیں سات چھ اور چھ چار سے شکست دینے کے بعد ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ 1999 میں یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت کر سرینا ولیمز نے سب کو حیران کردیا تھا اور 2022 میں 23 سال بعد اسی ٹورنامنٹ کے دوران انہوں نے کھیل کو خیرباد کہا۔چالیس سالہ سابق عالمی نمبر ایک نے گزشتہ ماہ معروف جریدے ووگ کے ذریعے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو ان کے مداح اور ٹینس دیکھنے والے تمام افراد حیران رہ گئے، کیونکہ سرینا ولیمز کا شمار اچھے ہی نہیں، بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔ایک ایسے وقت میں جب انٹرنیشنل ٹینس میں سیاہ فام امریکی خواتین کھلاڑی انٹرنیشنل سرکٹ میں کامیاب نہیں تھیں، سرینا ولیمز اور ان سے ایک سال بڑی بہن وینس ولیمز نے ٹینس کو ولیمز سسٹرز کا تڑکا لگایا۔سرینا نے نوے کی دہائی میں اپنے پروفیشنل کریئر کا آغاز کیا اور 2022 تک اسے جاری رکھا جو ان کی فٹنس، ان کی ہمت اور ان کی ٹینس سے محبت کا اندازہ لگانے کے لیے کافی ہے۔سرینا ولیمز کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتاہے کہ اگرمینز سنگلز ٹینس میں رافیل نڈال 22 گرینڈ سلیم کے ساتھ ٹاپ پر ہیں تو سرینا کے صرف سنگلز گرینڈ سلیم کی تعداد 23 ہے۔اپنے کریئر کے دوران سب سے زیادہ سنگلز گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا عالمی ریکارڈ اب بھی آسٹریلیا کی مارگریٹ کورٹ کے پاس ہے جنہوں نے مجموعی طور پر 24 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتے۔سرینا ولیمز کی کامیابی کا سفر صرف سنگلز تک محدود نہیں تھا، انہوں نے اپنے ڈبلز کریئر کے دوران مجموعی طور پر 16 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتے جن میں 14 ویمنز ڈبلز اور 2مکسڈ ڈبلز ٹائٹل شامل ہیں۔انہوں نے امریکہ کو متعدد بار اولمپک گیمز میں سونے کا تمغہ دلوایا جب کہ فیڈ کپ اور ہوپ مین کپ کی فاتح ٹیم کا بھی حصہ رہیں۔میچ کے بعد آن کورٹ انٹرویو میں سرینا ولیمز نے اپنی حریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج آئیلا نے ان سے بہتر کھیل پیش کیا۔اس موقع پر اْنہوں نے اپنے والد رچرڈ کا شکریہ ادا کیا جو بیماری کی وجہ سے اسٹیڈیم میں موجود نہیں تھے، وہ اپنے والدین کے بارے میں بات کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور ان کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے جس پر ان کا کہنا تھا کہ یہ خوشی کے آنسو ہیں۔انہوں نے اپنی بڑی بہن وینس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر وینس نہ ہوتی تو شاید سرینا بھی نہ ہوتی، سرینا ولیمز صرف اس لیے سرینا ہے کیونکہ اس کی زندگی میں وینس ولیمز تھی۔انہوں نے ہر اس شخص کا شکریہ بھی ادا کیا جس نے انہیں ان کے کریئر کے دوران گو سرینا کہہ کر سراہا۔سرینا ولیمز کا آخری میچ دیکھنے کے لیے ان کی بہن وینس کے ساتھ ساتھ معروف ہالی وڈ ہدایت کار اسپائک لی بھی آرتھر ایش اسٹیڈیم میں موجود تھے۔رواں ہفتے ان کا حوصلہ بڑھانے کے لیے سابق امریکی صدر بل کلنٹن، امریکہ گالفر ٹائیگر ووڈز، ہالی وڈ اداکار ہیو جیک مین، سپر ماڈل بیلا حدید اور جی جی حدید اور اداکارہ زینڈایا بھی میچز دیکھنے آئے تھے۔تاہم جو افراد ان کے آخری میچ کے روز وہاں موجود نہیں تھے، انہوں نے ٹوئٹر کا سہارا لے کر سرینا کو الوداع کہا۔ ان لوگوں میں امریکی گالف اسٹار ٹائیگر ووڈز سب سے آگے تھے جنہوں نے سرینا ولیمز کو ان کے شان دار کریئر پر مبارک باد دی۔معروف ٹی وی میزبان و اداکارہ اوپراہ ونفری نے سرینا ولیمز کو لیجنڈ فارایور قرار دیا۔سابق امریکی خاتون اول مشل اوباما بھی سرینا ولیمز کو خراج تحسین پیش کرنے میں پیچھے نہیں رہیں، انہوں نے لکھا کہ جو کامیابیاں سرینا نے ٹینس کورٹ پر حاصل کیں ان پر انہیں فخر ہے۔ایک اور ٹینس لیجنڈ بلی جین کنگ کا کہنا تھا کہ اپنے شان دار کریئر کے ذریعے انہوں نے ٹینس کی تاریخ میں اپنا الگ مقام بنایا۔سابق یو ایس اوپن چیمپئن اینڈی روڈک کے بقول سرینا ولیمز کو کھیلتے ہوئے دیکھنا ایک ایسا تجربہ ہے جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔آسٹریلوی ٹینس اسٹار نک کریوس کے مطابق سرینا ولیمز کے ریکارڈز کو کوئی نہیں توڑ سکے گا، ایسے ایتھلیٹ سالوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔یہی نہیں، امریکی باسکٹ بال اسٹار لیبرون جیمز نے دو منٹ کی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں انہوں نے سرینا ولیمز کے کریئر پر نظر ڈالتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔لیجنڈ امریکی باسکٹ بال کھلاڑی میجک جانسن نیبھی سرینا ولیمز کو ان کے شان دار کریئر پر مبارک باد پیش کی۔