’لال سنگھ چڈھا‘ رواں برس کی عالمی سطح پر بولی وڈ کی کامیاب ترین فلم قرار
ممبئی،اگست۔بائیکاٹ، احتجاج، مقدمے اور دیگر قانونی پریشانیاں بھی عامر خان کی فلم ‘لال سنگھ چڈھا’ کو عالمی سطح پذیرائی سمیٹنے سے نہ روک سکیں اور یہ فلم رواں برس کی عالمی سطح پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی۔ ویب سائٹ ‘بولی وڈ ہنگامہ’ کے مطابق ‘لال سنگھ چڈھا’ نے عالیہ بھٹ کی گنگوبائی کاٹھیاواڑی اور انوپم کھیر کی کشمیر فائلز کو بھی کمائی میں پیچھے چھوڑدیا۔بالی ووڈ ہنگامہ کی خبر مطابق ‘لال سنگھ چڈھا’ نے دنیا بھر سے ایک ہفتے میں 75 لاکھ ڈالر کمائے جبکہ عالیہ بھٹ کی فلم نے74 لاکھ 70 ہزار اور کیارا آڈوانی کی بھول بھلیاں ٹو نے 58 لاکھ 80 ہزار ڈالر کمائے تھے جو کہ عامر خان کی فلم سے کم تھے۔عامر خان کی فلم کو بھارت میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، فلم پر الزام لگایا گیا تھا کہ اس میں بھارتی فوج اور ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی تھی۔فلم میں بھارتی فوج اور ہندوؤں کے مبینہ جذبات کو مجروح کرنے کے خلاف پولیس میں مقدمہ دائر کرنے کی درخواست بھی دائر کی گئی تھی، ساتھ ہی بھارت بھر میں فلم کے بائیکاٹ کی مہم چلائے جانے کے بعد اس کے کئی شوز منسوخ کردیے گئے تھے۔بھارت بھر میں شوز منسوخ کیے جانے کے بعد میڈیا نے بتایا تھا کہ عامر خان کی فلم ‘لال سنگھ چڈھا’ ان کی گزشتہ 20 سال کی ناکام ترین فلم ثابت ہوئی، کیوں کہ بائیکاٹ کی وجہ سے اس کے 80 فیصد شوز نہیں دکھائے گئے۔فلم کی ابھی تک چین میں نمائش ہونا باقی ہے جہاں عامر خان مقبول ہیں اور ان کی پچھلی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جا چکی ہیں، عامر خان کی فلمیں ‘سیکرٹ سپر اسٹار’ اور ‘دنگل’ چین میں کافی مقبول ہوئیں لیکن ٹھگز آف ہندوستان جو 2018 میں ریلیز ہوئی تھی، چین میں بھی فلاپ ہوئی تھی۔لال سنگھ چڈھا کی ہدایت اڈوت چندن نے دی ہے اور اس میں اداکار عامر خان کے ساتھ کرینہ کپور، مونا سنگھ اور ناگا چیتنیا شامل ہیں۔