فیروزآباد:مکان میں آگ لگنے سے 6افراد زندہ جل کر ہلاک

وزیر اعلی نے حادثے پر گہر ے رنج وغم کا اظہارکیا، متاثرہ کنبوں کی مالی تعاون اور مکمل علاج فراہم کرنے کی ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی

فیروزآباد:نومبر۔ اترپردیش کے ضلع فیروزآباد کے جسرانا علاقے میں ایک تین منزلہ مکان میں خوفناک آگ لگنے سے ایک کنبے کے چھ افراد کی جل کر موت ہوگئی۔پولیس ذرائع نے بدھ کو بتایا کہ قصبہ پاڈھم میں منگل کی رات رمن کمار سنگھ کے مکان میں اچانک آگ لگ گئی۔ اطلاع پر پولیس کے جوان موقع پر پہنچے لیکن فائر بریگیڈ کی گاڑیاں ذرا دیر میں پہنچیں جس کی وجہ سے آگ نے خوفناک شکل اختیار کرلیا اور آگ پوری عمارت میں پھیل گئی۔ڈی ایم روی رنجن اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آشیش تیواری سمیت کئی تھانے کی فورس موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو حاصل کرنے کے لئے آگرہ، ایٹہ، مین پوری سے دمکل کی گاڑیاں منگانی پڑیں۔ کئی گھنٹوں کی سخت مشقت کے بعد 18 فائر بریگیڈ سے آگ پر قابو پایا جاسکا۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے پر گہر ے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ کنبوں کی مالی تعاون اور مکمل علاج فراہم کرنے کی ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ دمکل کے جوانوں نے خوفناک آگ کی شعاعوں کے درمیان پھنسے لوگوں میں سے ایک لڑکی انتی کو اوپر کی منزل سے رسی کے سہارے لٹکا کر بچا لیا جبکہ دیگر لوگوں کی زندہ جل کر موت ہوگئی ۔مہلوکین میں رمن کمار کا بیٹا منوج کمار(38)،اس کی بیوی نیرج(35)،بیٹا ہرش(12)،بھارت(08) کے علاوہ نتن کی بیوی شیوانگی(32) اور تین ماہ کی معصو تیجسوی شامل ہیں۔ گھر کے مکھیا رمن کمار اپنے گاؤں اور چھوٹا بیٹا نتن کسی پروگرام میں شامل ہونے گھر سے باہر گئے ہوئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ مکان کے نیچے کے حصے میں الکٹرانک، فرنیچر اور زیورات کی دوکانیں جل کر خاک ہوگئی ہیں۔آگ لگنے کی وجہ سردست بجلی کی شارٹ سرکٹ ہونا بتایا جارہا ہے۔

Related Articles