فلم غدر سےکپل شرما کو تھپڑ مار کر باہر نکال دیا تھا، ڈائریکٹر ٹینو ورما کا انکشاف
ممبئی ،اگست۔بولی وڈ کی بلاک بسٹر فلم غدر اِک پریم کتھا کے ایکشن ڈائریکٹر ٹینو ورما نے انکشاف کیا ہے کہ اس فلم کے سیٹ سے انہوں نے معروف کامیڈین کپل شرما کو تھپڑ مار کر باہر نکال دیا تھا۔بولی وڈ اداکار مکیش کھنا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹینو ورما نے بتایا کہ فیروز آباد میں 45ڈگری سینٹی گریڈ کی گرمی میں فلم کا اوپننگ سین شوٹ کرنا تھا، 25ہزار کا مجمع تھا جو سرداروں کا روپ دھارا ہوا تھا اور انہیں میں 11کیمروں کی مدد سے شوٹ کر رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کے حوالے سے کپل شرما نے خود بھی اپنے شو میں سنی دیول اور امیشا پٹیل کے سامنے تذکرہ کیا ہے۔ٹینو ورما نے بتایا کہ کپل شرما کے والد پولیس میں تھے، انہوں نے کپل سے کہا تھا کہ اگر تمہیں اداکار بننا ہے تو غدر کی شوٹنگ چل رہی ہے وہاں کرتا پاجامہ پہن کر جا۔ایکشن ڈائریکٹر ٹینو ورما نے بتایا کہ مجھے خود کیمرہ آپریٹ کرنے کا شوق ہے، میں کیمرے پر دیکھ رہا تھا، سین یہ تھا کہ ہزاروں افراد کا مجمع ٹرین کی طرف بھاگ رہا ہے، اچانک ایک شخص مجمع سے نکل کر دوسری طرف بھاگنے لگا، میں نے اسے بلایا اور کہا کہ تمہاری وجہ سے ایکسٹرا شاٹ لینا پڑ رہا ہے، اس طرف نہیں بھاگنا، مجمع کیساتھ ہی جانا ہے۔ٹینو ورما نے کہا کہ میرا فوکس اب اس شخص پر ہی تھا مجھے لگ رہا تھا یہ پھر کچھ غلطی کرے گا اور وہی ہوا، جیسے ہی وہ دوبارہ دوسری جانب بھاگا میں بھی کیمرہ چھوڑ کر بھاگا، اسے پکڑا اور دیا کان کے نیچے ایک تھپڑ اور کہا نکالو اس کو سیٹ سے باہر، یہ شخص کپل شرما تھا۔کپل شرما نے اس واقعے کا تذکرہ اپنے شو میں کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب فلم ریلیز ہوئی تو وہ اپنے دوستوں کو لے کر اپنا سین دکھانے گئے لیکن معلوم ہوا کہ ان کا سین ایڈٹنگ میں کاٹ دیا گیا ہے۔2001میں ریلیز ہونے والی فلم غدر میں سنی دیول اور امیشا پٹیل نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ اب اس کا سیکوئل بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔