فلم ‘تارے زمین پر’ عامر نے مجھ سے چھینی، اکشے کھنا کا انکشاف

ممبئی،اکتوبر۔بالی وڈ اداکار اکشے کھنا نے انکشاف کیا ہے کہ بالی وڈ کی سپر ہٹ فلم ‘تارے زمین پر’ کے ڈائریکٹر امول گپتے عامر خان کی جگہ انہیں کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔حال ہی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکشے کھنا نے بتایا کہ ‘ہدایت کار امول گپتے مجھے اس کردار کی پیشکش کرنا چاہتے تھے لیکن وہ مجھے زیادہ نہیں جانتے تھے اس لیے انہوں نے عامر خان سے کہا کہ میرا اکشے سے تعارف کرائیں’۔بالی وڈ اداکار نے کہا ‘عامر خان نے اپنی روایت برقرار رکھی اور امول گپتے سے کہا میں اسکرپٹ جب تک پہلے خود نہیں سْن لیتا تب تک کسی اور اداکار کو اسے پیش نہیں کروں گا’۔اکشے کھنا نے الزام عائد کرتے ہوئے مزید کہا کہ ‘عامر نے ڈائریکٹر سے کہا مجھے پہلے اسکپرٹ سنائیں اگر مجھے پسند آتا ہے تب میں اکشے کو بتاؤں گا لیکن عامر خان کو اسکرپٹ اس قدر پسند آیا کہ انہوں نے ہی یہ فلم سائن کر لی’۔انہوں نے کہا ‘مجھے عامر خان کے یوں فلم چھین لینے سے کوئی خوف نہیں، مجھے بعد میں عامر نے ساری کہانی بتائی جس پر میں نے کہا ٹھیک ہے، کوئی مسئلہ نہیں’۔اداکار نے یہ بھی کہا کہ ‘عامر نے اپنے کردار کے ساتھ مکمل انصاف کیا تھا، مجھے نہیں لگتا میں اس سے زیادہ اچھی اداکاری کر سکتا تھا’۔واضح رہے کہ تارے زمین پر میں عامر خان نے ایک ٹیچر ‘رام شنکر نکھونب’ کا کردار نبھایا تھا، یہ فلم بالی وڈکی تاریخ کی مشہور ترین فلموں میں سے ایک ہے۔

Related Articles