فلم اسپائیڈر مین: نو وے ہوم نے اواتار کا ریکارڈ توڑ دیا
لاس اینجلس ،فروری ۔ہولی وڈ فلم اسپائیڈر مین :نو وے ہوم کورونا وائرس کی وبا کیدوران دنیا بھر میں ایک ارب ڈالرز کمانے والی پہلی فلم بنی تھی اور اب اس نے ایک اور بڑا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔اب نو وے ہوم نے ڈائریکٹر جیمز کیمرون کی فلم اواتار کو بزنس کے لحاظ سے امریکا میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔اسپائیڈر مین کی اس فلم نے اب تک شمالی امریکا میں 760.9 ملین ڈالرز کمائے ہیں اور اس خطے کی سب سے زیادہ کمانے والی تیسری بڑی فلم بن گئی ہے۔اواتار نے 760.5 ملین ڈالرز کمائے تھے۔سونی اسٹوڈیوز کی نئی اسپائیڈر مین فلم دسمبر میں ریلیز ہوئی تھی اور عالمی سطح پر ایک ارب 80 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کرچکی ہے۔اس طرح وہ ہر دور میں سب سے زیادہ کمانے والی فلموں میں چھٹے نمبر پر ہے جس سے آگے ایوینجرز انفٹنی وار، اسٹار وارز: دی فورس اویکن، ٹائیٹینک، ایوینجرز اینڈ گیم اور اواتار ہیں۔ان سب فلموں نے 2 ارب ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کیا تھا اور اواتار 2.802 ارب ڈالرز کے ساتھ سرفہرست ہے۔سونی اسٹوڈیو کی 20 کروڑ کی لاگت سے بننے والی یہ سپر ہیرو فلم ان چند فلموں میں سے ایک ہے جس نے ایک ارب ڈالرز کا اعزاز چین میں ریلیز ہوئے بغیر حاصل کیا۔کورونا وائرس کی وبا کے دوران دسمبر 2019 میں اسٹار وارز دی رائز آف اسکائی واکر کے بعد یہ پہلی فلم ہے جس نے عالمی سطح پر ایک ارب ڈالرز سے زیادہ کمائے ہیں۔مجموعی طور پر یہ عالمی سطح پر ایک ارب ڈالرز کمانے والی 49 ویں فلم ہے اور چین کے بغیر ایسا کرنے والی محض 5 ویں فلم ہے۔