فرانسیسی فٹبالر کو پالتو بلی کو تھپڑ اور لات مارنا مہنگا پڑگیا

پیرس،جون۔فرانسیسی فٹبالر اورکلب ویسٹ ہام یونائیٹڈکے کھلاڑی کرت زوما کو پالتو بلی کو تھپڑ اور لات مارنا کافی مہنگا پڑگیا۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق کرت زوما کو اپنی بلی کو لات اور تھپڑ مارنے کا جرم قبول کرنے کے بعد 180 گھنٹے کمیونٹی سروس(عوامی خدمت) کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ 27 سالہ نوجوان پر پانچ سال تک بلیاں پالنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق کرت زوما نے مئی میں تھیمز مجسٹریٹس کی عدالت میں ہونے والی سماعت میں اینیمل ویلفیئر ایکٹ کے تحت دو جرائم کا اعتراف کیا تھا۔رپورٹس کے مطابق کرت زوما کے فٹبالر بھائی یوآن نے اپنے بڑے بھائی کو جرم کرنے میں مدد کرنے، اْبھارنے، مشورہ دینے کا اعتراف کیا جس کی وجہ سے عدالت کی جانب سے انہیں 140 گھنٹے کمیونٹی سروس کرنے کا حکم دیا گیا۔اطلاعات کے مطابق24 سالہ یوآن نے اپنے بڑے بھائی کے گھر پر ایک ویڈیو ریکارڈ کی اور 6 فروری کو اسے ‘ہنستے’ ہوئے ایموجیز کے ساتھ اسنیپ چیٹ پر پوسٹ کیا۔ویڈیو میں کرت کو پالتو بلی کو اپنے باورچی خانے میں لات اور تھپڑ مارتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ وہ یہ کہتے ہوئے بھی سنے گئے کہ میں قسم کھاتا ہوں،میں اس بلی کو مار دوں گا۔ ڈسٹرکٹ جج کا کہنا ہے کہ زوما اور یوآن دونوں نے پالتو بلی کے ساتھ ذلت آمیز اور قابل مذمت فعل میں حصہ لیا۔رپورٹس کے مطابق کمیونٹی سروس کے علاوہ کرت کو عدالت کی جانب سے حکم دیا گیا کہ وہ 9 ہزار پاؤنڈز یعنی تقریبا 22 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے عدالتی اخراجات کے عوض ادا کریں۔

 

Related Articles