غازی پور سے لوک سبھا الیکشن کیلئے بگل بجاکر اپنی دوسری مدت کا آغاز کریں گے جے پی نڈا

لکھنو:جنوری۔بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا غازی پور سے پارٹی صدر کے طور پر اپنی دوسری میعاد شروع کریں گے۔ نڈا 20 جنوری کو غازی پور میں میٹنگ اور دیگر تنظیمی پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ اس دن پارٹی لوک سبھا انتخابات میں بھی باضابطہ طور پر بگل پھونکے گی۔نڈا کو 20 جنوری 2020 کو پارٹی کا قومی صدر منتخب کیا گیا تھا۔ پارٹی صدر کی مدت تین سال ہوتی ہے۔ اس لیے ان کی مدت 20 جنوری 2023 کو ختم ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق 16-17 جنوری کو دہلی میں ہونے والی بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ میں نڈا کو دوبارہ قومی صدر مقرر کیا جائے گا۔ اس کے بعد نڈا کا 20 جنوری کو غازی پور میں اپنا پہلا سیاسی پروگرام ہے۔یہاں اپوزیشن پارٹیوں کے خلاف بگل بجاتے ہوئے مودی-یوگی حکومت کی کامیابیوں کو گنا کر امیدواروں کوجتانے کی اپیل کریں گے۔ وہ ایک بوتھ صدر کے گھر چائے پینے بھی جائیں گے۔ اس کے ساتھ مذہبی مقام کا دورہ بھی کریں گے۔ ریاستی صدر بھوپیندر چودھری نڈا کے مجوزہ دورہ کے پیش نظر جمعرات کو غازی پور پہنچے ہیں۔ ریاست میں غازی پور، گھوسی، نگینہ، سہارنپور، امروہہ، بجنور، شراوستی، امبیڈکر نگر، لال گنج اور جونپور لوک سبھا سیٹیں بی ایس پی کے پاس ہیں۔ مین پوری، مراد آباد اور سنبھل ایس پی کے ہاتھ میں ہے اور رائے بریلی کانگریس کے ہاتھ میں ہے۔ بی جے پی نے اپوزیشن کی 14 سیٹوں سے لوک سبھا انتخابات کی تیاری کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ مافیا مختار انصاری کے بھائی افضال انصاری غازی پور میں بی ایس پی سے ایم پی ہیں۔ اسمبلی انتخابات کی طرح لوک سبھا انتخابات میں بھی امن و امان کی بہتری بی جے پی کا اہم مسئلہ رہے گا۔ اس وجہ سے نڈا کی دوسری اننگز کے پہلے سیاسی پروگرام کے لیے غازی پور کا انتخاب کیا گیا ہے۔ بتادیں کہ پہلے مرحلے میں اپوزیشن کی 14 سیٹوں پر وزیر داخلہ امت شاہ اور نڈا کی ریلیاں ہوں گی۔

Related Articles