علی اصغر نے کپل شرما شو چھوڑنے کی وجہ کا پہلی بار تذکرہ کردیا
ممبئی،اکتوبر۔بھارتی کامیڈین علی اصغر نے کپل شرما سے اپنے اختلافات کی نوعیت اور شو چھوڑنے کی وجوہات کا پہلی بار تذکرہ کردیا۔اپنے حالیہ انٹرویو میں علی اصغر نے 5 سال قبل کپل شرما کا شو چھوڑنے اور اْس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر کھل کر بات کی۔انہوں نے بتایا کہ شو چھوڑنے کے بعد کپل شرما سے کبھی بات نہیں ہوئی، ہم اس دوران ملے بھی نہیں، دراصل مجھے پارٹیوں میں جانا پسند نہیں ہے۔علی اصغر نے 2017ء میں شو چھوڑا تھا، یہ وہی وقت تھا جب کپل شرما اور سنیل گروور کے درمیان جھگڑے کی خبریں زبان زد عام تھیں۔انہوں نے شو سے علیحدگی کی وجہ تخلیقی نوعیت کے مسائل کو قرار دیا اور کہا کہ دراصل میں شو میں اپنے کردار کی گنجائش سے مطمئن نہیں تھا۔بھارتی کامیڈین نے مزید کہا کہ اب میں آگے بڑھ چکا ہوں، ہمارے درمیان کوئی لڑائی یا غصہ بھی نہیں، کپل شرما شو میں واپسی سے متعلق میرا رویہ سخت گیر بھی نہیں ہے۔علی اصغر نے بھارتی کامیڈین اسٹار سے اپنے تعلق کی نوعیت پر مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کپل شرما نے میری اور میں نے اْن کی کئی کالیں مس کردیں۔انہوں نے شو سے علیحدگی کے بعد میڈیا میں پیدا ہونے والی ہنگامہ خیز کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تمام رپورٹس پر میں نے خاموش رہنے کا فیصلہ کیا۔بھارتی کامیڈین نے کہا کہ میرے فیصلے کا نتیجہ یہ نکلا کہ میرا مسئلہ دب گیا اور مجھے کبھی شو چھوڑنے کی اصل وجہ بتانے کا موقع ہی نہیں مل سکا۔انہوں نے کامیڈی نائٹ میں دادی کا کردار نبھایا، جو خوب پسندکیا گیا، جس کے آج بھی چرچے ہیں۔اس حوالے علی اصغر نے کہا کہ جب لوگ آپ کے ورسٹائل کام کو نظر انداز کردیں اور صرف کراس ڈریسنگ کردار کو یاد رکھیں تو تھوڑی پریشانی ہوتی، اب مجھے بتایا جائے اس میں میرا کیا قصور ہے؟ان کا کہنا تھا کہ میرے آج کل ایک، دو پروجیکٹ زیر تکمیل ہیں، جن سے متعلق کہہ سکتا ہوں کہ یہ میرا تاثر بالکل ہی بدل کر رکھ دیں گے۔بھارتی کامیڈین آج کل ایک نجی شو کے 10 ویں سیزن میں دکھائی دے رہے ہیں۔