عدم رواداری کو فروغ دینا معاشرے کے لئے ٹھیک نہیں : رام گوپال ورما

نئی دہلی،  جولائی ۔ فلمساز رام گوپال ورما نے زور دے کر کہا ہے کہ عدم رواداری کو فروغ دینا معاشرے کے لیے اچھا نہیں ہے۔ فلم ڈائریکٹر کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب چند روز قبل لینا منیمیکلائی نے ایک دستاویزی فلم کالی کا پوسٹر شیئر کیا تھا۔ پوسٹر میں دیوی کالی کو سگریٹ پیتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور اس پر ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) ایم پی مہوا موئترا نے ٹیلی ویژن چینل کی کانفرنس میں دیوی پر متنازعہ تبصرہ کیا تھا۔ کالی کے پوسٹر کے بارے میں پوچھے جانے پر، مسٹر ورما نے جمعرات کو یواین آئی کو بتایا، میں نے اس کی پیروی نہیں کی ہے اور مجھے اس کا علم نہیں ہے۔ عام طور پر معاشرے میں بہت زیادہ عدم رواداری بڑھ رہی ہے جو میرے خیال میں اچھی بات نہیں ہے۔ لینا اور موئترا کو پوسٹر تنازعہ پر ایک کمیونٹی کے جذبات کو مبینہ طور پر ٹھیس پہنچانے کے الزام میں مذمت کا سامنا ہے۔ لوگ ان کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔ فلمساز لینا کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پوسٹر میں ہندو دیوی کو سگریٹ نوشی کرتے دکھایا گیا ہے۔ تاہم، بعد میں اسے قانونی مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ سے ہٹا دیا گیا۔ ٹی ایم سی لیڈر کی جانب سے دیوی پر گوشت کھانے اور شراب پینے جیسے تبصرے کے بعد ایک تنازعہ کھڑا ہوگیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی دہلی یونٹ نے جمعرات کو لینا اور ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ کے خلاف سنسد مارگ پولیس اسٹیشن میں مبینہ طور پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا مقدمہ درج کرایا ہے۔ اس سے قبل دہلی پولیس نے شکایت موصول ہونے کے بعد کالی پوسٹر کے حوالے سے مقدمہ درج کیا تھا۔

 

Related Articles