عامر خان کی نئی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ تنازع کی زد میں آگئی
ممبئی،جون۔ بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی نئی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ تنازع کی زد میں آگئی ہے اور مخالفین فلم کے بائیکاٹ کا مطالبہ کررہے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز لال سنگھ چڈھا کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر فلم کے خلاف ٹرینڈ چلا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ عامر خان کی مذکورہ فلم کا بائیکاٹ کیا جائے کیوں کہ انہوں نے فلم میں بھارتی فوج کا یونیفارم پہن کر ذہنی معذوری جیسا کردار نبھایا اور فوج کا بہت مذاق بھی اڑایا، امید ہے عوام اس کچرا فلم کا بائیکاٹ کریں گے۔ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ لال سنگھ چڈھا ہالی ووڈ کی مشہور فلم ’فوریسٹ گمپ‘ کا چربہ ہے، عامر خان اور کرینہ کپور کو یہ فلم کاپی کرنے کے لیے 14 سال لگے، اس طرح کی فلم کو روکا جائے۔اسی طرح ایک اور مخالف نے اداکار کے ماضی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عامر خان نے کہا تھا کہ بھارت کے شہری عدم برداشت کا شکار ہیں، تو ایسا شخص جس کے لیے بھارت محفوظ نہیں تو اسے اس ملک میں اپنی فلم ریلیز بھی نہیں کرنی چاہیے، لال سنگھ چڈھا کا ہر حال میں بائیکاٹ کیا جائے۔خیال رہے کہ مذکورہ فلم رواں سال 11 اگست کو ریلیز کی جائے گا، لال سنگھ چڈھا میں عامر خان کے ساتھ کرینہ کپور نے مرکزی کردار نبھایا ہے۔ جبکہ فلم میں ہدایت کاری کے فرائض ادویت چوہان نے انجام دیے ہیں۔