عالیہ بھٹ کی نظر میں رنبیر کپور بطور ساتھی اداکار کیسے ہیں؟
ممبئی،اگست۔بھارتی خوبرو اداکارہ عالیہ بھٹ کی جانب سے اپنے شوہر، چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور سے متعلق ایک سوال پر دلچسپ انداز میں جواب دیا گیا ہے۔جب سے عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی ہوئی ہے اس جوڑی کے مداح اِن سے متعلق زیادہ سے زیادہ جاننے کی جستجو رکھتے ہیں۔عالیہ بھٹ نے لمبے عرصے بعد اپنے سوشل میڈیا فالوورز اور مداحوں کے لیے سوال جواب کا سیشن رکھا جس میں انہوں نے بہت سے سوالوں کے جواب دیے۔ایک صارف نے عالیہ بھٹ سے پوچھا تھا کہ اْن کے شوہر، رنبیر کپور بطور ساتھی اداکار کیسے ہیں؟اس پر عالیہ بھٹ نے رنبیر کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ رنبیر کپور بہت سادہ اور آسان انسان ہیں، رنبیر کپور وقت کے پابند ہیں، انہیں شوٹنگ سے واپس لوٹنے کی بھی جَلدی نہیں ہوتی، وہ اپنا کام وقت پر مکمل کرتے ہیں اور نظم و ضبط کے پابند ہیں۔عالیہ بھٹ نے مزید کہا کہ رنبیر کپور شوٹنگ کے دوران میرے لیے اپنے ہاتھوں سے دل بھی بناتے رہتے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل عالیہ بھٹ کا ایک سوال کے جواب میں بتانا تھا کہ وہ حاملہ ہیں اور رنبیر کپور اب پہلے سے زیادہ اْن کا خیال رکھتے ہیں مگر اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ رنبیر اْن کے پاؤں کا مساج کرتے ہیں یا اْن کے پاؤں دباتے ہیں۔