شندے-فڑنویس کااجودھیا دورہ: مہاراشٹر کے وزیراعلی -نائب وزیراعلیٰ پہنچے رام نگری، رام للا کے کئے درشن
لکھنو:اپریل۔مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے بھگوان شری رام کے شہر اجودھیا پہنچے ۔ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس بھی ان کے ساتھ اجودھیا آئے ہیں۔ لکھنؤ سے اجودھیا کے لیے روانہ ہوتے ہوئے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ بھگوان رام کی مہربانیاں ہمارے ساتھ ہیں اور اسی لیے ہمیں کمان اور تیر کا نشان ملا ہے۔ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ آج میں رام للا کے درشن کرنے اجودھیا جا رہا ہوں۔ میرا تعلق رام جنم بھومی تحریک سے رہا ہے۔ میں تمام کارسیوکوں میں موجود رہا ہوں۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے اتوار کی صبح رام نگری پہنچے۔ سریو کے کنارے بنائے گئے عارضی ہیلی پیڈ پر ہیلی کاپٹر سے اترتے ہی ہزاروں حامیوں نے اپنے لیڈر کا استقبال کیا۔ یہاں سے وہ تھوڑے فاصلے پر واقع مہنت رام چندر داس پرمہنس کی سمادھی پر خراج عقیدت پیش کرنے گئے۔اس موقع پر ان کے ساتھ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور ان کے ایم پی بیٹے شری کانت شندے کے علاوہ مہاراشٹر حکومت کے کئی وزرا بھی تھے۔ یہاں مہنت رام چندر داس پرمہنس کے شاگرد آچاریہ نارائن مشرا نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اور ان کے ساتھیوں کا اتری چڑھا کر استقبال کیا۔ مندر تحریک کے سرکردہ ہیروز میں سے ایک مہنت رام چندر داس پرمہنس کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کا قافلہ رام جنم بھومی کی طرف روانہ ہوا، یہاں سے وزیر اعلیٰ شندے اپنے حامیوں کے ساتھ پیدل روانہ ہوئے۔ بعد میں گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ گیٹ نمبر تین سے رام جنم بھومی کمپلیکس میں داخل ہوئے۔
یہاں پہنچ کر انہوں نے سب سے پہلے رام للا کے دربار میں حاضری دی۔ شندے کے استقبال کے لیے ہزاروں شیوسینک ایودھیا پہنچے تھے۔ ہنومان گڑھی میں شیوسینکوں میں زبردست جوش و خروش دکھائی دے رہا تھا۔ شیوسینا کی کامیابیوں کو ایل ای ڈی ٹی وی کے ذریعے نشر کیا جا رہا ہے۔ یہاں شیوسینکوں کی بڑی تعداد مہاراشٹری زبان میں چلائے جانے والے گانوں پر رقص کئے۔ اور اپنے لیڈر شندے کی جئے جئے کار کر رہے تھے۔