شمال مشرق سے نوجوانوں کی نقل مکانی میں کمی آئی ہے: ریڈی

نئی دہلی، دسمبر۔ حکومت نے کہا ہے کہ اس کی روزگار پر مبنی اسکیموں کی وجہ سے شمال مشرقی خطے کی مختلف ریاستوں کے لوگوں کو مقامی سطح پر روزگار فراہم کیا جا رہا ہے اور اس سے وہاں نوجوانوں کی نقل مکانی میں کمی آئی ہے۔لوک سبھا میں ایک ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے شمال مشرقی خطہ کی ترقی کے وزیر جی کشن ریڈی نے کہا کہ روزگار کے لیے شمال مشرقی ریاستوں سے نوجوانوں کی دوسری ریاستوں میں منتقلی میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی شمال مشرقی ریاستوں کے لیے اسکل ڈیولپمنٹ جیسی متعدد اسکیموں کی وجہ سے وہاں کے نوجوانوں کو اپنے ہی علاقے میں آسانی سے روزگار مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے اوروہاں پرائمری، اعلیٰ تعلیم اور تکنیکی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور وہاں کے نوجوانوں کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ شمال مشرقی خطے کی ترقی کے لیے خصوصی اسکیمیں چلائی جارہی ہیں اوریہ تمام اسکیمیں وہاں کے حالات کے مطابق آگے بڑھائی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شمال مشرق میں بانس بکثرت پائے جاتے ہیں، اس لیے بانس کے استعمال سے روزگار فراہم کرنے کے لیے اسکیمیں چلائی جا رہی ہیں۔مسٹر نے کہا کہ مودی حکومت کے آنے کے بعد سے شمال مشرق کی ترقی کے لیے 54 ہزار کروڑ روپے کی اسکیمیں چلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ سال میں وہاں 16 ایئرپورٹ بنائے گئے ہیں اور فائبر کیبل بچھائی جا رہی ہے نیز نوجوانوں کو ڈیجیٹل، سیاحت وغیرہ کے شعبوں میں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

Related Articles