شاہ رخ کےگھر میں گھسنے والے دونوں افراد 8 گھنٹے تک کیا کرتے رہے؟
ممبئی،مارچ۔ممبئی میں بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ کے بنگلے ’منت ‘میں گھسے دونوں افراد تا حال پولیس کی تحویل میں ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ پکڑے جانے سے قبل 8 گھنٹے تک بالی وڈ کنگ کے گھر کے میک اپ روم میں چھپے رہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پولیس نے منت میں گھسنے والے دونوں افرادکو گرفتار کرکے ان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا تھا۔ممبئی پولیس کے مطابق گرفتار دونوں ملزمان کی شناخت ساحل سلیم خان اور رام سرف کشوہاسے ہوئی ہے جن کی عمریں 19 اور 20 سال ہیں، دونوں کا کہنا تھا کہ وہ گجرات سے شاہ رخ خان سے ملنے منت پہنچے تھے لیکن شاہ رخ کے سکیورٹی گارڈ نے انھیں پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان شاہ رخ خان سے ملنے کیلئے ان کے بنگلے میں گھسے اور منت کی تیسری منزل پر بنے میک اپ روم میں 8 گھنٹے تک شاہ رخ کا انتظار کرتے رہے، ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ وہ رات 3 بجے منت میں گھسے تھے اور صبح ساڑھے 10 بجے تک میک اپ روم میں چھپے رہے اس کے بعد منیجر دونوں ملزمان کو میک اپ سے لابی تک لائے تو وہاں موجود شاہ رخ خان بھی اجنبیوں کو گھر میں دیکھ کر حیران رہ گئے۔ایف آئی آر کے مطابق صبح 11 بجے منیجر کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی جس کے بعد پولیس نے منت پہنچ کر دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔