شاہ رخ خان کا مقدمہ کرنے کی دھمکی دینے والے مداح کو دلچسپ جواب
ممبئی،فروری۔بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنے خلاف مقدمہ کرنے کی دھمکی دینے والے مداح کو دلچسپ ردِعمل دیا ہے۔شاہ رخ خان نے گزشتہ روز مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں سے بات چیت کے لیے ایک سیشن رکھا جس میں اْنہوں نے مداحوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے دلچسپ جوابات دیے۔اداکار کو اس سیشن میں ایک مداح نے عمر 57 سال بتانے پر ان کے خلاف مقدمہ کرنے کی دھمکی دے دی۔مداح نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ خان صاحب آپ کے خلاف ایف آئی آر کروا رہا ہوں کہ یہ بندہ جھوٹ بولتا ہے کہ اس کی عمر 57 سال ہے۔شاہ رخ خان نے اپنے اس مداح کے ٹوئٹ پر ردِ عمل دیتے ہوئے لکھا کہ براہ مہربانی، ایسا مت کرو یار۔اْنہوں نے لکھا کہ ٹھیک ہے میں ہی مان جاتا ہوں، میری عمر ابھی صرف 30 سال ہے۔اْنہوں نے مزید لکھا کہ دیکھو اب میں نے آپ کو سچ بتادیا ہے اور یہاں تک کہ میری اگلی فلم کا نام بھی’جوان‘ ہے۔