شادی کی ناکامی نے تلخ نہیں بنایا، سمانتھا پرابھو
ممبئی،مارچ۔جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والی تیلگو اور تامل فلموں کی شہرت یافتہ اداکارہ سمانتھا پرابھو نے کہا ہے کہ یہ ضرور ہے کہ ان کی شادی ناکامی کا شکار ہوئی لیکن اس صورتحال نے انہیں تلخ نہیں بنایا ہے۔جنوبی بھارت کی بہت زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں سے ایک سمانتھا پرابھو نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ وہ اب بھی انتہائی محبت کرنے والی اور بہت زیادہ محبت دینے والی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ناکام شادی کی وجہ سے وہ نہ تو مردم بے زار ہوئی ہیں اور نہ ہی ان کے مزاج میں درشتی آئی ہے۔واضح رہے کہ سمانتھا پرابھو اور ان کے سابق شوہر اداکار ناگا چیتنانیا نے اکتوبر 2021 میں علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ سمانتھا پرابھو ان دنوں اپنی فلم شکنتلام کی پروموشن میں مصروف ہیں، ان کے مطابق یہ کردار ان کی زندگی سے ملتا جلتا ہے، اس میں ان کے رول کو سخت مشکل دور اور مخالفتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن خود مختار مزاج کی حامل، محبت کرنے والی اور باوفا کردار اپنی عزت و قار کو برقرار رکھتی ہے۔ یہ فلم تھیٹرز پر 14 اپریل کو جاری ہوگی، اس میں ان کے ساتھ اداکار دیو موہن، موہن بابو اور سچن کھیدیکر اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔