سی اے اے سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں
کسی کی شہریت منسوخ نہیں کی جائے گی:سوکانت مجمدار
کلکتہ ,جنوری ۔بنگال بی جے پی کے ریاستی صدر اور ممبر پارلیمنٹ سوکانت مجمدار نے پنچایت انتخابات سے قبل مسلمانوں کو یے پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ شہریت ترمیمی ایکٹ مسلمانوں کے خلاف نہیں اور نہ ہی کسی ہندوستانی شہری کی شہریت منسوخ کی جائے گی۔پنچایت انتخابات سے قبل بی جے پی نے مسلمانوں کے خوف و اندیشے دورکرنے کیلئے یہ خصوصی پہل کی ہے۔بنگال میں سی اے اے کو لیکر بڑے پیمانے پر ناراضگی ہے۔اسی کے پیش سوکانت مجمدار نے کہا کہ شہریت ترمیمی ایکٹ نافذ ہوتا ہے تو کسی کو بھی ملک بدر نہیں کیا جائے گا۔ممتا بنرجی صرف خوف پھیلانے کی کوشش کرررہی ہیں۔ اگر آپ ہندوستان کے شہری ہیں تو کسی میں آپ کی شہریت منسوخ کرنے کی طاقت نہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی کا ذکر کرتے ہوئے سوکانت مجمدار نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران گھروں تک راشن پہنچانے سے لے کر ویکسین کا بندوبست کرنے تک، وزیر اعظم نے سب کچھ کیا ہے۔ اسی لیے نریندر مودی ہندوستان کے لوگوں کے حقیقی ‘دوست’ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اقلیتی برادریوں کے لوگوں کو اب بھی سی اے اے سے ڈرایا جا رہا ہے۔ ہندوستان کی کسی بھی برادری کو فکر کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ یہاں تک کہ اگر سی اے اے لاگو ہوتا ہے، تو جو ہندوستان کے شہری ہیں وہ ہندوستان میں ہی رہیں گے۔ کسی کو بھی ریاست سے نہیں نکالا جائے گا۔ ‘بالی ووڈ اداکار متھن چکروری نے بھی مسلمانوں کو پیغام دینے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ”اگر آپ کے پاس درست ووٹر کارڈ اور آدھار کارڈ ہے تو کوئی بھی آپ کا پیچھا نہیں کرے گا۔ ناک میں تیل ڈال کر سو جائیں۔ جھوٹا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔’متھن چکرورتی بدھ کی صبح نیو ٹاؤن میں سکانت مجمدار کے گھر سے جنوبی 24 پرگنہ میں بسنتی کے لیے روانہ ہوئے۔ بسنتی پہنچ کر، وہ اور سکانت سب سے پہلے بسنتی بھارت سیواشرم سنگھ کے آشرم میں گئے۔ وہاں کچھ وقت گزارنے کے بعد متھن بی جے پی کے احتجاجی مارچ میں شامل ہو ئے۔ بی جے پی اساتذہ کی تقرری میں بدعنوانی اور مکانات کے الاٹ منٹ میں بدعنوانی کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔بی جے پی کا یہ احتجاجی مارچ بسنتی بھارت سیواشرم سے سوناکھالی بازار تک نکلاگیا۔ جلوس کے اگلے حصے میں متھن چکرورتی، سکانت مجمدار اور اگنی مترا پال موجود تھیں۔ بی جے پی کے کارکن اور حامی ہاتھ میں جھنڈے لے کر چل رہے تھے۔