سیکورٹی میں چوک کے سبب مودی کا پنجاب دورہ منسوخ

نئی دہلی، جنوری۔ سنگین سیکورٹی چوک کے سبب وزیر اعظم نریندر مودی کا دورہ پنجاب بدھ کو درمیان میں ہی منسوخ کردیا گیا اور ان کے فیروز پور میں ہونے والے جلسہ عام اور دیگر پروگراموں کو بھی منسوخ کر دیا گیا۔مرکزی وزارت داخلہ نے اس معاملے میں ریاستی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے اور متعلقہ افراد پراس کی ذمہ داری طے کرکے سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔واقعہ کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے، وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم حسینی والا میں شہدا کی یادگار کے لیے بٹھنڈہ سے بذریعہ سڑک جا رہے تھے۔ وہاں سے تقریباً 30 کلومیٹرپہلے ایک فلائی اوور پر کچھ مظاہرین نے سڑک بلاک کر دی تھی۔وزارت داخلہ کے مطابق مسٹر مودی کا قافلہ وہاں فلائی اوور پر تقریباً 15-20 منٹ تک پھنسا رہا۔ وزارت نے کہا، یہ وزیر اعظم کی سیکورٹی میں ایک سنگین کوتاہی ہے۔ اس واقعے کے بعد وزیراعظم کے قافلے کو واپس بٹھنڈہ ایئرپورٹ لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعظم کی سیکورٹی میں اس کوتاہی کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے وزارت داخلہ نے اس پر ریاستی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کو کہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم حسینی والا میں قومی شہداء کی یادگار کے لیے دہلی سے بٹھنڈہ پہنچے ہوئے تھے، جہاں سے انھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے آگے جانا تھا، وہاں برسات اورروشنی کم ہونے کے سبب مسٹرمودی نے 20 منٹ انتظار کے بعد سڑک سے جانے کا فیصلہ کیا، جس میں دو گھنٹے لگ سکتے تھے۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس کے لیے ڈائریکٹر جنرل پولیس پنجاب سے سیکیورٹی سے متعلق انتظامات کی تصدیق کی گئی تھی۔مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈویہ نے کہا کہ مسٹر مودی کی پنجاب ریلی ملتوی کر دی گئی ہے۔

 

Related Articles