سیٹیلائٹ لانچ ناکامی، ورجن اوربٹ نے اپنے آپریشنز معطل کر دیئے

لندن ،مارچ۔ ورجن اوربٹ نے اپنے مالی وسائل بڑھانے کیلئے جمعرات سے اپنے آپریشنز معطل کردیئے ہیں، جس کے ساتھ سیٹلائٹ لانچ کرنے والی اس کمپنی کے تقریباً تما م ملازمین کو اطلاعات کے مطابق فاضل قرار دے دیا گیا۔ کمپنی کے سربراہوں نے بدھ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ مزید تفصیلا ت اگلے ہفتے بتائی جائیں گی۔ اس بات کا فیصلہ کمپنی کی جانب سے جنوری میں برطانیہ سے پہلا سیٹلائیٹ مشن خلا میں بھیجنے میں ناکامی کے بعد کیا گیا ہے۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ڈان ہارٹ نے سٹاف سے کہا ہے کہ ملازمین کو فاضل قرار دینے سے کمپنی کو اپنی سرمایہ کاری کے نئے منصوبے کو حتمی شکل دینے میں مدد مل جائے گی، تاہم ابھی تک یہ نہیں معلوم ہوسکا کہ ملازمین کو فاضل قرار دینے کا یہ فیصلہ کب تک برقرار رہے گا۔ ورجن اوربٹ کے شیئرز کی قیمت 18.8 فیصد کم ہوکر صرف 82 سینٹ رہ گئے ہیں۔ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ورجن اوربٹ 16 مارچ سے اپنی سرگرمیاں عارضی طورپر بند کر رہی ہے، تاہم اس نے ملازمین کو فارغ کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں بی بی سی کے سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔ کمپنی کی جانب سے جنوری میں خلا میں بھیجے جانے والا پہلا سیٹلائیٹ روانگی کے بعد مشکلات کا شکار ہونے کے بعد اپنے سفرپر روانہ نہیں ہوسکا تھا۔ کمپنی کا جمبو جیٹ ایک راکٹ کو بحراوقیانوس کے اوپر بھیجنے کیلئے لے کر کارنوال میں Newquay سے روانہ ہوا تھا، ابتدا میں سب کچھ درست نظر آرہا تھا لیکن بعد میں اس میں خرابی پیدا ہوگئی، جس سیٹلائیٹ کو اسے خلا میں بھیجنا تھا اسے روانہ نہیں کرسکی اور یہ تباہ ہوگیا، تاہم اس کو لے جانے والا جیٹ 747بحفاظت اپنے اڈے پر واپس آگیا۔ بعد میں ورجن اوربٹ نے بتایا تھا کہ اس کے ایک انجن میں گرمی بہت زیادہ پیدا ہوجانے کی وجہ سے راکٹ کا فیول فلٹر اس سے علیحدہ ہوگیا تھا۔ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس ناکامی کی تحقیقات تقریباً مکمل ہوگئی ہے اور ہمارے تیار کردہ اگلے راکٹ میں کچھ ترمیم کی ضرورت ہوگی۔

Related Articles