سڑک حادثہ میں بائک سوار دو طلبہ کی موت
پرتاپ گڑھ ستمبر ,اترپردیش میں پرتاپگڑھ ضلع ہیڈکواٹر سے پچاس کلومیٹر مسافت پر تھانہ اودے پور علاقے کے رہوعہ لال گنج میں گزشتہ شب ہوئے ایک سڑک حادثہ میں بائک پر سوار دو طلبہ کی موت ہوگئی ۔ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ مغربی روہت مشرہ نے آج بتایا کہ مہلوکین کی شناخت دپانشو(18) ساکن جودہا کرہیاء و سدھیر شرما (20) ساکن رتاسوں کمال گنج تھانہ کوتوالی سلون ضلع رائے بریلی کے طور پر کی گئی ہے ۔دونوں رائے بریلی شہر کوچنگ گئے تھے اور وہاں سے دونوں ایک بائک سے درشن کرنے تھانہ سانگی پور علاقے کے گھوئسر ناتھ دھام آئے تھے۔۔ گھر واپس لوٹتے وقت تھانہ اودے پور علاقے کے رہوعہ لال گنج بازار کے نزدیک بائک بے قابو ہوکر بجلی کے پول سے ٹکراگئی۔ اس حادثے میں دونوں جائے حادثہ پر ہی ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے مہلوکین کے اہل خانہ کو مطلع کرکے لاش پوسٹمارٹم کے لیئے بھیج دی۔