سوڈان کے معزول صدر کی اہلیہ غیرقانونی جائیداد جمع کرنے کی ملزم قرار، جائیداد ضبط

خرطوم،جنوری۔سوڈان کی ایک مقامی عدالت نے اتوار کو معزول صدرعمر البشیر کی اہلیہ کو غیر قانونی دولت جمع کرنے کے الزام میں مقدمے کی سماعت کے دوران مجرم قرار دیا۔ عدالت نے سابق خاتون اول کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم صادر کیا ہے۔عدالت نے کہا ہے کہ ملزمہ وداد بابکر غیرقانونی دولت جمع کرنے کی مرتکب پائی گئی ہیں۔ عدالت کا کہنا ہے کہ مسز بابکراپنی شادی کے 11 سال بعد اپنے شوہر کی پنشن حاصل کرتی رہی ہیں۔ ان کا پنشن کا حصول مسلح افواج کے قانون اور ناجائز دولت کے قانون کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اس کے پاس موجود قیمتی پتھر غیرقانونی اور مشکوک دولت کا ثبوت ہیں۔ عدالت نے باورکرایا کہ ملزمہ وداد بابکر نے دولت، جائیداد اور بڑی مقدار میں بیش قیمت تھر حاصل کیے تھے اور وہ اپنی ملکیت میں موجود جائیداد قانونی ثابت کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں ۔عدالت نے سابق معزول صدرعمرالبشیر کی اہلیہ کی رئیل اسٹیٹ پراپرٹی اور فنڈز ضبط کرنے، زیورات اور قیمتی پتھروں کو قبضے میں لینے کے ساتھ ساتھ امادرمان نیشنل بینک میں دو بینک اکاؤنٹس کوسیل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں عدالت کی طرف سے 100 ملین پاؤنڈ کا جرمانہ بھی کیا گیا۔کئی سال سے قید سوڈانی صدر کی دوسری بیوی کے بارے میں سوڈانیوں میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں جو 11 اپریل 2019 کو البشیر حکومت کے خاتمے کے بعد سے عوام کی نظروں سے غائب ہیں۔ ان کے بارے میں خیال ہے کہ انہیں پولیس نے گرفتار کررکھا ہے تاہم اس دعوے کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آسکا۔

Related Articles