سونیا گاندھی، منموہن سنگھ، راہل، پرینکا نے کانگریس صدر کے انتخاب میں ووٹ دیا
نئی دہلی، اکتوبر۔کانگریس صدر سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور پرینکا گاندھی نے پیر کے روز یہاں پارٹی صدر کے عہدے کے لیے ہونے والے انتخابات میں اپنا ووٹ ڈالا۔پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے کرناٹک میں ضلع بیلاری کے سنگاناکلو میں اپنا ووٹ ڈالا۔ کانگریس صدر کے عہدے کے لیے تمام ریاستی دارالحکومتوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے اور تمام ریاستوں میں واقع پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹرس میں صبح 10 بجے سے ووٹنگ جاری ہے۔ کانگریس صدر کے عہدے کے انتخاب میں پارٹی کے سینئر لیڈر ملک ارجن کھرگے اور ششی تھرور کے درمیان سیدھا مقابلہ ہے۔یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں ووٹنگ شروع ہونے سے پہلے، پارٹی کے انتخابی انچارج مدھوسدن مستری نے بیلٹ باکس کو چیک کیا اور پھر پارٹی کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے پہلے ووٹ ڈالا۔ اس کے بعد پارٹی کے مندوبین نے بھی ووٹنگ شروع کر دی۔بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لینے والے کانگریس کے اراکین کرناٹک میں ضلع بیلاری کے سنگانکالو میں ووٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔ یاترا میں میٹنگ کے لیے رکھے گئے کنٹینر کو پولنگ اسٹیشن بنا دیا گیا ہے اور اراکین اسی میں ووٹ دے رہے ہیں۔کانگریس صدر کے عہدے کے لیے آج انتخابات ہو رہے ہیں اور ووٹنگ شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹوں کی گنتی 19 اکتوبر کو ہوگی۔