سونیا نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو پوچھ گچھ ملتوی کرنے کے لیے خط لکھا
نئی دہلی، جون۔کانگریس کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے بدھ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو خط لکھ کر اپنی خراب صحت کا حوالہ دیتے ہوئے نیشنل ہیرالڈ کیس میں ان سے پوچھ گچھ کو کچھ ہفتوں کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کی۔ نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی 23 جون یعنی جمعرات کو محترمہ گاندھی سے پوچھ گچھ کرے گی۔ اس سے ایک دن پہلے محترمہ گاندھی نے ای ڈی کو خط لکھ کر پوچھ گچھ کے لئے دن کو ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے آج ٹویٹ کیاکہ "کووڈ اور پھیپھڑوں کے انفیکشن کی وجہ سے محترمہ گاندھی کو مکمل گھر پر آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اسی کو ذہن میں رکھتے ہوئے محترمہ گاندھی نے آج انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو خط لکھ کر ان سے پوچھ گچھ کو کچھ ہفتوں کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ وہ مکمل صحت یاب ہو سکیں۔ واضح رہےکہ ای ڈی نے پہلے محترمہ گاندھی سے پوچھ گچھ کے لیے 8 جون کو اس کے سامنے حاضر ہونے کو کہا تھا، لیکن محترمہ گاندھی نے ان سے کورونا انفیکشن کا حوالہ دیتے ہوئے پوچھ گچھ کو موخر کرنے کی درخواست دی تھی۔ اس کے بعد ای ڈی نے ان سے 23 جون کو پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے کو کہا تھا۔ ای ڈی پہلے ہی اس معاملے میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے چار پانچ دنوں تک پوچھ گچھ کر چکی ہے۔