سونو سود کے دفاتر پر محکمہ انکم ٹیکس کا چھاپہ، مداح اور سیاستدان برہم

نئی دہلی،ستمبر۔معروف اداکار سونو سود کے ممبئی میں واقع دفاتر پر محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم نے چھاپہ مارا۔ انکم ٹیکس کے افسران نے اداکار سے وابستہ 6 مقامات پر تقریباً 20گھنٹے تک تلاشی لی۔ میڈیا کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس سونو سود کے لکھنؤ کی ایک ریئل اسٹیٹ کمپنی کے ساتھ ملکیت کے سودے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سونو سود کی کمپنی اور لکھنؤ کی ریئل اسٹیٹ فرم کے مابین حالیہ سودا تحقیقات کے دائرے میں ہے۔ اس سودے پر ٹیکس چوری کے الزامات کے بعد سروے مہم شروع کی گئی۔ خیال رہے کہ ممبئی میں مشہور اداکار سونو سود نے کورونا کے دور ان عام لوگوں کی دل کھول کر مدد کی تھی، جس کے بعد وہ عوام میں کافی مقبول ہو گئے ہیں۔ بدھ کے روز جب سونو سود کے ٹھکانوں پر محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے چھاپہ مارا گیا، تو لوگوں میں ناراضگی نظر آئی۔ صرف مداح ہی نہیں بلکہ کئی سیاسی لیڈر بھی سونو سود کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔محکمہ انکم ٹیکس کے اس چھاپے کی ٹائمنگ کے حوالہ سے بھی سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔کیونکہ حال ہی میں سونو سود نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے ملاقات کی تھی۔ ساتھ ہی وہ دہلی حکومت کے پروگرام ’دیش کے مینٹور‘ کے برینڈ ایمبیسڈر بھی بنے تھے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ٹوئٹ کیاکہ ’’سچائی کے راستے پر لاکھوں مشکلات آتی ہیں لیکن جیت ہمیشہ سچائی کی ہوتی ہے۔ سونوں سود کے ساتھ بھارت کے ان لاکھوں کنبوں کی دعائیں ہیں، جہیں مشکل گھڑی میں سونو سود کا ساتھ ملا تھا۔‘‘آپ لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا کہ مجھے یہ جان کر حیرت ہوئی ہے کہ وہ شخص جس نے کورونا وبا کے دوران لوگوں کے لیے دن رات کام کیا، لوگوں کی جان بچانے کے لیے کام کیا، اپنے گھریلو سامان کو رہن رکھ کر لوگوں کی مدد کی، اس کے گھر انکم ٹیکس کے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ آخر آپ کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟

Related Articles