سول انتظامیہ ضرورت مندوں تک پہنچے: نائب صدر

نئی دہلی، مارچ۔ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے منگل کو سول انتظامیہ کے فوائد کو ضرورت مندوں تک پہنچانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شمولیت، مستعدی ، شفافیت اور دیانت داری اچھی حکمرانی کے ضروری عناصر ہیں۔نائب صدر نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کے 68ویں یوم تاسیس کے موقع پر ڈاکٹر راجندر پرساد سالانہ بین الاقوامی لیکچر میں اپنے خطاب میں کہا کہ انتظامیہ کے فوائد ضرورت مند طبقات کی دہلیز تک پہنچیں، اس بات کو یقینی بنانا سرکاری ملازمین کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو تقسیم کے نظام کی خامیوں کو دور کرنا اور ضرورت مند اور غریب لوگوں سے رابطے میں رہنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کسی فلاحی ترقیاتی پروگرام کی افادیت کا واحد پیمانہ یہ ہو سکتا ہے کہ ہدف سے مستفید ہونے والوں کو فوائد حاصل ہوں اور پروگرام کو موثر انداز میں نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی عوامی فلاح و بہبود کی انتظامیہ کی بنیاد ایک ہنر منداور موثر نظام تقسیم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جامع، مستعد، شفاف اور دیانت دار نظام سول انتظامیہ کی ضروری شرط ہے۔سول منتظمین سے مختلف ضرورت مندوں کی پہنچ میں رہنے کی اپیل کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات کے شہریوں نے مل کر ہندوستان کی ترقی کی کہانی لکھی ہے۔ افسران معاشرے کے آخری فرد تک پہنچیں اور اسے اپنے ساتھ لے کر چلیں۔نائب صدر نے کہا کہ وبا کے بعد ہندوستانی معیشت کی تیز رفتار ترقی نے ایک جامع خود کفیل ہندوستان کی امید کو تقویت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان تاریخ کے اس موڑ پر کھڑا ہے جہاں ہر شہری خود کو سماجی و اقتصادی تبدیلی کا ایک اہم عنصر سمجھتا ہے۔

Related Articles