سنجے دت کی والدہ اور اداکارہ نرگس کی 93ویں سالگرہ منائی گئی

ممبئی،جون۔بولی وڈ کے معروف اداکار سنجے دت کی والدہ اور اداکار سنیل دت کی اہلیہ اداکارہ نرگس کی 93ویں سالگرہ منا ئی گئی۔ان کے لاکھوں مداح آج بھی انکی بہترین اداکاری کو یاد کرتے ہیں۔ کنیز فاطمہ راشد عرف نرگس یکم جون 1929 کو کلکتہ شہر میں پیدا ہوئیں۔ اداکارہ نے تقریبا چار دہائی تک اپنی متاثر کن اداکاری سے ناظرین کومسحور کئے رکھا۔بچپن میں وہ اداکارہ نہیں بلکہ ڈاکٹر بننا چاہتی تھیں۔ان کی ماں جدن بائی کے اداکارہ اور فلم ساز ہونے کی وجہ سے گھر میں فلمی ماحول تھا۔اس کے باوجود بچپن میں نرگس کو اداکاری میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ان کی تمنا ڈاکٹر بننے کی تھی جبکہ ان کی ماں چاہتی تھیں کہ وہ اداکارہ بنیں۔ایک دن نرگس کی ماں نے ان سے اسکرین ٹیسٹ کے لئے فلم ساز اور ڈائریکٹر محبوب خان کے پاس جانے کو کہا۔چونکہ نرگس فلموں میں جانے کی خواہش مند نہیں تھیں، اس لئے انہوں نے سوچا کہ اگر وہ اسکرین ٹیسٹ میں فیل ہو جاتی ہیں تو انہیں اداکاری نہیں کرنی پڑے گی۔ اسکرین ٹیسٹ کے دوران نرگس نے غیرارادی طور پر ڈائیلاگ کی ادائیگی کی اور سوچا کہ محبوب خان انہیں اسکرین ٹیسٹ میں فیل کر دینگے لیکن ان کا یہ خیال غلط نکلا اور محبوب خان نے 1943 میں اپنی فلم ’تقدیر‘کے لئے بطور اداکار انہیں منتخب کرلیا۔ اداکارہ نرگس نے متعدد بھارتی فلموں میں کام کیا جن میں مدر انڈیا، شری 420، آوارہ، برسات، چوری چوری ، انداز، آگ ، میرا نام، تقدیر، دیدار، میلہ ، اناڑی اور بابل شامل ہیں۔ اداکارہ نرگس 3 مئی 1981 کو ممبئی میں انتقال کر گئی۔

Related Articles