سلو اوور ریٹ کی وجہ سے راہل پر دوسری بار جرمانہ عائد

ممبئی، اپریل۔لکھنؤ سپر جائنٹس نے اتوار کو ممبئی انڈینس کو 36 رنز سے شکست دے کر آئی پی ایل 2022 میں سیزن کی اپنی پانچویں جیت درج کی۔ تاہم اس جیت کے باوجود لکھنؤ کی ٹیم کو بڑا جھٹکا لگا ہے اور اس کے کپتان کے ایل راہل پر میچ میں مقررہ وقت سے کم اوور کرنے (سلو اوور ریٹ ) کے لئے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔سلو اوور ریٹ کے حوالے سے اس سیزن میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی یہ دوسری پینلٹی تھی۔ اس کے لیے لکھنؤ سپر جائنٹس کے کپتان کے ایل راہل پر 24 لاکھ روپہ کا جرمانہ جبکہ پلیئنگ الیون کے باقی کھلاڑیوں پر6 ،6 لاکھ روپے یا میچ فیس کا 25 فیصد کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس سیزن میں دوسری بار جرمانہ عائد ہونے کے بعد راہل پر اب پابندی لگنے کا خطرہ پیداہوگیا ہے۔ راہل نے اس میچ میں 103 رنز کی ناٹ آوٹ سنچری اننگز کھیلی۔ اگر یہی غلطی تیسری بار ہوئی تو کپتان راہل یا ٹیم پر بڑی کارروائی ہوسکتی ہے جیسا کہ کپتان پر ایک میچ کی پابندی بھی لگ سکتی ہے۔لکھنؤ کی ٹیم پر اس سے پہلے ممبئی انڈینز کے خلاف آئی پی ایل کے 26ویں میچ کے بعد جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ اس میچ میں بھی سلو اوور ریٹ کی وجہ سے راہل پر 12 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔راہول پر آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی وجہ سے24 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

 

Related Articles