’سلمان نے جب سارہ لورین پکارا تو مجھے اس نام سے محبت ہوگئی‘
ممبئی،مارچ۔بالی وڈ کی کئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی پاکستانی اداکارہ سارہ لورین نے اپنے نام کی تبدیلی کے حوالے سے چند انکشافات کیے ہیں۔سارہ لورین کو ان کے مداح مونا لیزا کے نام سے جانتے تھے البتہ بالی وڈ میں جانے کے لیے اداکارہ کو اپنا نام تبدیل کرنا پڑا تھا، سارہ کا خیال تھا کہ لوگ اطالوی آرٹسٹ کی مونا لیزا کے نام سے مشہور پینٹنگ کی وجہ سے مستقبل میں ان کا مذاق اڑائیں گے لہٰذا انہوں نے اپنا نام تبدیل کردیا۔تاہم حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ نے بتایا کہ ان کا نام کافی سوچ بچار اور کنسلٹنٹ کے مشورے سے سارہ لورین رکھا گیا لیکن وہ اپنے نام سے کچھ زیادہ خوش نہیں تھیں۔سارہ نے بتایا کہ مجھے یہ نام پسند نہیں تھا اور ابھی تک لوگوں کو اس نام کے بارے میں پتہ بھی نہیں تھا لیکن ایک واقعہ ایسا ہوا جس نے مجھے میرے نام سے محبت کروادی۔
بالی وڈ کا یادگار لمحہ :اداکارہ نے مذکورہ واقعے کو بالی وڈ کا یادگار لمحہ قرار دیا اور کہا کہ سارہ لورین کے لیے اللہ تعالیٰ نے سلمان خان کا انتخاب کیا جو کہ خوشگوار لمحہ تھا ۔انہوں نے بتایا کہ ہم ایک ایوارڈز کی تقریب میں تھے جہاں دیگر معروف اداکار بھی تھے اور پوری دنیا کے سامنے جس نے مجھے اس نام سے پکار کر اسٹیج پر بلایا وہ سلمان خان تھے، جب انہوں نے میرا نام پکارا تو مجھے اس نام سے محبت ہوگئی۔ دوران انٹرویو اداکارہ نے کہا کہ اس کے بعد میں نے اپنے نام کو تسلیم کرنا شروع کیا اور کہا اب سب مجھے اس نام سے بلا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ سارہ لورین نے بالی وڈ میں 2010 میں پوجا بھٹ کی فلم کجرارے سے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا تھا جس میں ان کے ساتھ ہمیش ریشمیا نے مرکزی کردار نبھایا تھا، بعد ازاں انہوں نے برکھا اور مرڈر تھری جیسی فلموں میں کام کیا۔اس کے علاوہ سارہ لورین کے پاکستانی ڈراموں میں شہ بانو، رابعہ زندہ رہے گی، انوکھی، کاجل اور مہربانو شامل ہیں۔