سلمان خان کی عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی فلمیں کتنی کامیاب رہی ہیں؟

ممبئی،اپریل۔بالی وڈ اداکار سلمان خان کی ایک اور فلم عید الفطر پر ریلیز ہو گئی ہے۔ ان کے مداح ‘دبنگ خان’ کو ‘کسی کا بھائی کسی کی جان’ میں ایکشن میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔سلمان خان کی فلم ‘کسی کا بھائی کسی کی جان’ دنیا کے 100 ملکوں میں جمعے کو ریلیز ہو رہی ہے جب کہ یہ فلم بھارت کے لگ بھگ 16 ہزار سینما گھروں میں پیش کی جارہی ہے۔عیدالفطر کے موقع پر سلمان خان کی آخری فلم ‘رادھے’ تھی جو 2021 میں کرونا کی وجہ سے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور صرف چند ہی سنیما گھروں میں ریلیز ہو سکی تھی۔اس قبل 2019 میں ان کی فلم ‘بھارت’ عید الفطر کے موقع پر بھارت کے تمام سنیما گھروں میں پیش کی گئی تھی۔گزشتہ چند برسوں کے دوران سلمان خان کی عید الفطر کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلموں اور باکس آفس پر ان کے بزنس کا جائزہ لیتے ہیں۔
1۔ وانٹڈ:پربھو دیوا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم سلمان خان کی فلم وانٹڈ 2009 میں عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی گئی تھی۔ اس عید اسپیشل فلم میں سلمان خان کے ساتھ عائشہ ٹاکیہ، پراکاش راج اور مہیش منجریکار نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔باون کروڑ بھارتی روپے کے بجٹ میں بننے والی اس فلم نے باکس آفس پر لگ بھگ 93.23 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔
2۔ دبنگ:سال 2010 میں عید الفطر پر ریلیز ہونے والی فلم ‘دبنگ’ سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ سوناکشی سنہا، سونو سود اور ونود کھنا نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔’دبنگ’ کا بجٹ لگ بھگ 41 کروڑ بھارتی روپے تھا جب کہ اس فلم نے تقریباً 219 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے۔
3۔ باڈی گارڈ:صدیق اسماعیل کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘باڈی گارڈ’ 2011 میں عید پر ریلیز کی گئی تھی۔ اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ کرینہ کپور مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئی تھیں۔تقریباً 60 کروڑ کے بجٹ میں بننے والی اس فلم نے باکس آفس پر لگ بھگ 234 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے۔
4۔ ایک تھا ٹائیگر:سلمان خان کی فلم ‘ایک تھا ٹائیگر’ بھی بالی وڈ کی سپر ہٹ فلموں میں سے ایک ہے۔ یہ فلم 2012 میں عید الفطر پر سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔ایکشن سے بھرپور اس فلم میں سلمان خان کی ہیروئن کترینہ کیف تھیں۔ جس نے باکس آفس پر لگ بھگ 308 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔
5۔ کک:سن 2014 میں سلماان خان کی عید الفطر پر ریلیز ہونے والی فلم ‘کک’ نے بھی باکس آفس پر خوب کامیابیاں سمیٹی تھیں۔ اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ جیکلین فرنینڈز، رندیپ ہوڈا اور نواز الدین صدیقی نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔اس فلم نے باکس آفس پر لگ بھگ 351 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا جب کہ اس کا بجٹ تقریباً 140 کروڑ بھارتی روپے تھا۔
6۔ بجرنگی بھائی جان:سلمان خان کی فلم ‘بجرنگی بھائی جان’ ان کے مداح آج بھی دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ اس فلم کو دنیا بھر میں خوب پذیرائی ملی تھی۔’بجرنگی بھائی جان’ 2015 میں عید الفطر کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنی تھی جو خوب کامیاب ہوئی۔ اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ کرینہ کپور خان اور نوازالدین صدیقی نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔کبیر خان کی ہدایت کاری میں بننے والیاس فلم نے باکس آفس پر لگ بھگ603 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔
7۔ سلطان:فلم ‘سلطان’ میں سلمان خان کے مداحوں کو ان کا ایک الگ ہی روپ دیکھنے کو ملا تھا۔ اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ اداکارہ انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔سن 2016 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کی ہدایات علی عباس ظفر نے دی تھی جب کہ باکس آفس پر اس کا بزنس لگ بھگ 577 کروڑ بھارتی روپے تھا۔
8۔ ٹیوب لائٹ:سن 2017 میں عید الفطر کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم ‘ٹیوب لائٹ’ کوئی خاص مقبولیت حاصل نہیں کر سکی لیکناس فلم نے لگ بھگ 207 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے۔اس فلم کی ہدایات کبیر خان نے دی تھیں جب کہ اس میں سلمان خان کے علاوہ سہیل خان، ذیشان ایب اور دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
9۔ ریس تھری:ریمو ڈی سوزا کی ہدایات میں بننے والی فلم سلمان خان کی فلم ‘ریس 3’ 2018 میں عید الفطر پر ریلیز کی گئی تھی۔اس فلم میں اداکار انیل کپور، بوبی دیول، جیکلین فرنینڈز اور دیگر نے اداکاری کی تھی۔یہ فلم بھی شائقین کو زیادہ نہیں بھا سکی تھی البتہ باکس آفس پر تقریباً 305 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے۔
10۔ بھارت:سلمان خان کی فلم ‘بھارت’ 2019 میں سنیما گھروں کی زینت بنی تھی جس کی ہدایت کاری علی عباس ظفر نے دی تھی۔اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ کترینہ کیف نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جب کہ اس میں اداکار سنیل گروور اور دیشا پاٹنی نے بھی اداکاری کی تھی۔
عید الفطر پر ریلیز ہونے والییہ فلم باکس آفس پر لگ بھگ 308 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے۔

Related Articles