سعودی عرب میں سات سال بعد ایرانی سفارت خانہ کھل گیا

تہران، اپریل۔سعودی عرب کے ساتھ ایران کے سفارتی تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے تحت سات سال کے وقفے کے بعد دارالحکومت ریاض میں ایرانی سفارت خانہ کھل گیا ہے۔سعودی عرب کے اخبار ‘عکاظ نے جمعرات کو ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے گزشتہ ہفتے چین میں ملاقات کی تھی اور سفارتی تعلقات کی بحالی اور سفارتی مشنز کھولنے کی تیاریوں کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں بحال کرنے پر بھی اتفاق کیا۔سفارت خانے کا افتتاح بدھ کو ریاض کی جانب سے ایرانی وفد کی آمد کے اعلان کے چند گھنٹے بعد ہوا۔ ایرانی وزارت خارجہ نے سعودی عرب کے دارالحکومت میں ایرانی سفارت خانہ اور جدہ میں قونصل خانہ کھولنے کی تیاری کے لیے منگل کو تہران سے ایک تکنیکی وفد ریاض بھیجا تھا۔ایران اور سعودی عرب نے مارچ کے اوائل میں چین کی ثالثی میں سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا تھا، جو 2016 میں شیعہ مبلغ آیت اللہ نمر النمر کی پھانسی کے بعد ایران میں سعودی سفارتی مشن پر حملوں کے بعد ٹوٹ گئے تھے۔

 

Related Articles