سعودی عرب: رمضان المبارک کے دوران معتمرین کے لیے مفت بس سروس دستیاب

ریاض،اپریل۔کاروں کی جنرل سنڈیکیٹ کے صدر اسامہ سمکری نے وضاحت کی کہ سنڈیکیٹ نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے درمیان معتمرین کو لے جانے کے لیے 800 بسوں کی سروس بحال کردی ہے۔ اعلی تکنیکی خصوصیات کی حامل یہ بسیں انتہائی آرام دہ اور محفوظ ہیں۔’’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘‘ کو ایک خصوصی بیان میں سمکری نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں آٹوموبائل کی جنرل سنڈیکیٹ کی طرف سے معتمرین کو نقل و حمل کی ممتاز خدمات فراہم کی جارہی ہے۔ ان بسوں کے ذریعہ معتمرین کو بیرونی پارکنگ اور ہوٹلوں کے درمیان منتقل کیا جاتا ہے۔رہائشی منزلوں کو مسجد حرام کے قریبی سٹیشنوں تک جوڑنے کے لیے زیادہ نشستوں کی گنجائش والی 3000 ہزار بسیں چلائی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام حکومتی، سکیورٹی اور خدمات کے اداروں کی طرف سے قائم کردہ ایک کمیٹی معتمرین اور نمازیوں کو مسجد حرام اور ان کی رہائش گاہوں کے درمیان لے جانے کے آپریشن کو منظم کرتی ہے۔اسامہ سمکری نے کہا کہ ’’کاروں کی جنرل سنڈیکیٹ‘‘ نے عمرہ زائرین کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے سے گرینڈ مسجد تک لے جانے کے لیے سروس فراہم کرنے میں پہل کی ہے۔اسامہ سمکری نے یہ نشاندہی بھی کی کہ یہ سروس مفت ہے۔ ضیوف الرحمن کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اس سروس کو بہت سے سرکاری اداروں کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی سروس ہے کیونکہ یہ سروس طیارے سے لے کر مکہ مکرمہ میں مسجد حرام تک پہنچانے کا کام کرتی ہے۔ یہ سروس ’’نسک‘‘ یا ’’توکلنا‘‘ ایپلی کیشن کے ذریعے عمرہ ریزرو کرنے والوں اور سعودی عرب کے باہر سے عمرہ ویزہ کے بغیر آنے والوں کے لیے دستیاب ہے۔اسامہ سمکری کے مطابق رمضان المبارک میں جدہ ایئرپورٹ سے مکہ مکرمہ تک ہر روز تیرہ بسیں چلتی ہیں۔ صبح دس سے لیکر رات دس بجے تک ہر گھنٹے میں ایک بس جدہ سے مکہ کے لیے روانہ ہوتی ہے۔ اسی طرح مکہ سے جدہ کے لیے ہر روز بارہ بسیں چلائی جاتی ہیں۔ صبح گیارہ سے لیکر رات گیارہ بجے تک ہر گھنٹے ایک بس چلائی جاتی ہے۔

Related Articles