سشمیتا سے شادی کی خبریں، للت مودی میڈیا پر برس پڑے

ممبئی،جولائی۔بالی وڈ اداکارہ سشمیتا سین سے شادی پر وضاحت کے باوجود جعلی خبریں سامنے آنے پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بانی و پہلے چیئرمین للت مودی میڈیا پر برس پڑے۔انسٹاگرام پر للت مودی نے ایک طویل پوسٹ کی جس میں درج تھا کہ’ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ میڈیا کو مجھے ٹرول کرنے کا اتنا جنون کیوں ہے، کوئی بتا سکتا ہے کہ میں نے انسٹا پر صرف 2 تصویریں پوسٹ کی اور ٹیگ بھی صحیح استعمال کیا لیکن مجھے لگتا ہے کہ ہم آج بھی قرون وسطیٰ میں جی رہے ہیں، جہاں دو لوگ دوست نہیں ہو سکتے، ان کے درمیان کیمسٹری اچھی ہو اور وقت بھی مناسب ہو تو کوئی معجزہ بھی ہو سکتا ہے‘۔انھوں نے لکھا کہ ’ہمارے ملک میں ہر صحافی ارناب گوسوامی کی طرح بہترین بننے کی کوشش کر رہا ہے لیکن میرا مشورہ ہے کہ جیو اور جینے دو، صحیح خبریں دو نہ کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اسٹائل میں جھوٹی خبریں دو‘۔للت مودی نے پوسٹ میں اپنی سابقہ اہلیہ اور ان سے متعلق چلنے والی خبروں کو بھی جھوٹا قرار دیااور لکھا کہ اگر کوئی ترقی کر رہا ہے تو اسے سراہیں کیوں کہ وہ اپنے ملک کے لیے کر رہا ہے، آپ سب مجھے مفرور کہہ رہے ہیں تو یہ بتائیں کہ کس عدالت نے مجھے مفرور قرار دیا؟انھوں نے خود سے متعلق لگائے جانے والے الزامات کے جواب میں لکھا کہ ’میں ایک سونے کا چمچ منہ میں لے کر پیدا ہوا تھا، میں نے کبھی رشوت نہیں لی اور نہ ہی اس کی ضرورت پڑی، جب میں نے بی سی سی آئی میں شمولیت اختیار کی تو میرے پاس 40 کروڑ تھے اور جب مجھ پر پابندی لگائی گئی تھی تو بینک میں 47 کروڑ تھے، جعلی میڈیا شرم کرو‘۔یاد رہے کہ اس سے قبل سشمیتا سین کے حوالے سے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بانی اور پہلے چیئرمین للت مودی سے خاموشی سے شادی کر لی ہے۔تاہم انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی دونوں بیٹیوں کے ہمراہ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ’ کوئی شادی نہیں ہوئی،نہ ہی کوئی انگوٹھیوں کا تبادلہ ہوا لیکن میں غیر مشروط محبت میں گھری ہوئی ہوں’۔

Related Articles