سری لنکا کا دورہ اچھی ٹیم بنانے کا بہترین موقع: ہرمن پریت
ممبئی، جون ۔ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے سری لنکا کے دورے سے قبل کہا ہے کہ یہ دورہ ہندوستان کے نوجوان گیند بازوں کے لیے پرفارم کرنے کا صحیح پلیٹ فارم ہے۔ ہرمن پریت نے ہفتہ کو یہاں ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا، ’’اگر ہم اپنے گیند بازوں کے بارے میں بات کریں تو یہی وہ وقت ہے جب وہ ذمہ داری لے سکتے ہیں اور یہ دورہ ان کے لیے پرفارم کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہوگا۔‘‘ انہوں نے کہا، ہم ذمہ داری سنبھالیں گے اور ان کا پورا کوٹہ (اووروں کا) ڈالیں گے۔ میرے لیے یہ ایک بہترین موقع ہے جہاں آپ ایک اچھی ٹیم بنا سکتے ہیں۔ سری لنکا ہمارے لیے آسان دورہ نہیں ہو گا، اس لیے یہ ضروری ہے کہ ہم جو بھی منصوبہ بندی کریں اس پر عمل کریں۔ قابل ذکر ہے کہ اس دورے کے لیے تجربہ کار گیند باز جھولن گوسوامی، شکھا پانڈے اور آل راؤنڈر اسنیہ رانا کو آرام دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی پچھلے 20 برسوں میں یہ پہلا موقع ہے جب متھالی راج ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ متھالی کی حالیہ ریٹائرمنٹ کے بعد ہرمن پریت کو کپتانی سونپی گئی ہے۔ ہرمن پریت کا خیال ہے کہ کھیل کے تمام فارمیٹس میں ایک ہی کپتان ہونے سے ٹیم کے ارکان کو بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے لگتا ہے کہ چیزیں اب میرے لیے آسان ہو جائیں گی۔ جب دو مختلف کپتان تھے تو کبھی کبھی چیزیں آسان نہیں ہوتی تھیں کیونکہ ہم دونوں کے خیالات مختلف تھے لیکن اب کھلاڑی واضح طور پر سوچیں گے کہ بطور کپتان میں ان سے کیا امید رکھتی ہوں۔ میرے لیے ان سے یہ پوچھنا آسان ہے کہ میں ان سے کیا امید کر رہی ہوں، اس لیے چیزیں میرے اور میری ٹیم کے ساتھیوں کے لئے بہت آسان ہو جائیں گی۔‘‘