سرحد پار سے ڈرون کے ساتھ باندھ کر نقدی رقم بھی بھیجی جاتی ہے : پولیس سربراہ

جموں، مارچ۔جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ آج کل سرحد پار سے ڈرون کے ساتھ باندھ کر نقدی رقم بھی بھیجی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو آئی ای ڈی لگانے کا کام دیا جاتا ہے تو اس کو ساتھ ہی نقدی رقم بطور ایڈوانس بھی دی جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست والے اپنا کام کریں گے پولیس کو اپنا کام کرنا ہے۔ان باتوں کا اظہار ڈی جی پی نے جموں میں تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہا :’ سیاست کرنے والے سیاست کریں گے لیکن سیکورٹی فورسز کو اپنا کام کرنا ہے۔ ‘انہوں نے مزید بتایا کہ سیاسی اور غیر سیاسی آدمی اگر کوئی ایسا قدم اُٹھاتا ہے جس سے امن و امان درہم برہم ہونے کا احتمال لاحق رہتا ہے تو یہ ٹھیک نہیں ہے، اس سے گریز کیا جانا چاہئے۔پولیس سربراہ نے مزید بتایا کہ کھبی کبھی چیزیں حد سے زیادہ بڑھ جاتی ہیں تو اس صورت میں ایسے افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لانا ناگزیر بن جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر آگے بھی ہمیں ضرورت پڑے تو ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔نارکو ملی ٹینسی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے اب منشیات اور ہتھیار کی اسمگلنگ کا نیا سلسلہ شروع کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہتھیاروں کو دہشت گردوں تک پہنچایا جاتا ہے جبکہ منشیات کی فروختگی سے جو پیسے کمائے جاتے ہیں اُن کو دہشت گرد تنظیموں تک پہنچایا جاتا ہے تاکہ وہ تخریبی سرگرمیوں کو انجام دے سکیں۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ ہم نے اس حوالے سے کئی منصوبوں کو ناکام بنایا ۔اُن کے مطابق پونچھ میں منشیات اور نقدی برآمد ہونے کے بعد تحقیقات شروع کی گئی اس کے تار پنجاب سے بھی جڑ رہے ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس نے پنجاب میں بھی چھاپے ڈالے اور اس کاروبار میں جتنے بھی لوگ ملوث ہونگے اُن سب کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔دلباغ سنگھ نے مزید بتایا کہ اب ڈرون کے ذریعے آئی ای ڈیز کے ساتھ ساتھ پیسے بھی بھیجے جارہے ہیں تاکہ حملہ آور کو قبل از وقت ہی انعام کی رقم فراہم کی جاسکے۔جی 20میٹنگ کے بارے میں پولیس چیف نے کہاکہ کچھ تقریبات یہاں پر بھی ہونی ہے جس کے پیش نظر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ جی 20میٹنگ کے حوالے سے جموں وکشمیر میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں ۔

 

Related Articles