سخت اقدامات سے دہلی میں کورونا کی صورتحال قابو میں ہے: جین

نئی دہلی، جنوری۔ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کہا کہ دہلی حکومت کے سخت اقدامات کی وجہ سے دہلی میں کورونا کی صورتحال قابو میں ہے۔مسٹر جین نے جمعہ کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ اب دہلی میں کورونا کے نئے معاملوں میں کمی دیکھی جا رہی ہے اور اسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد بھی مستحکم ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں دہلی میں کورونا کے 12,306 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور مثبت شرح 21.48 فیصد تھی۔ دہلی میں کووڈ کی وجہ سے کل 43 اموات کی اطلاع ملی ہے، جسے ڈیتھ کمیٹی نے جاری کیا ہے جس میں گزشتہ چند دنوں کی تمام اموات بھی شامل ہیں۔ ان 43 اموات میں سے صرف تین ایسی اموات کورونا کی وجہ سے ہوئیں۔ باقی تمام 40 معاملوں میں مریض کورونا کے علاوہ کسی اور بیماری میں مبتلا تھے اور ان کی موت کی بڑی وجہ دیگر بیماریاں تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 18,815 لوگ کورونا سے صحتیاب ہوئے۔وزیر صحت نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں سے روزانہ نئے معاملوں کی آمد کے باوجود اسپتال میں داخل مریضوں کی تعداد اس وقت مستحکم ہے۔ دہلی حکومت صحت خدمات کو منظم رکھنے کے لیے ہر محاذ پر تیار ہے۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال کی قیادت میں دہلی حکومت ملک میں پہلی ایسی ریاست ہے جس نے ایک نئے ویریئنٹ کے خطرے کے پیش نظر سب سے سخت قدم اٹھائے ہیں جس کی وجہ سے دہلی میں کورونا کی صورتحال قابو میں ہے اور وہاں نئے معاملوں میں کمی ہے۔ معاملوں میں کمی کے پیش نظر کیجریوال حکومت نے جمعہ کو لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کو ایک خط لکھا اور دہلی میں 50 فیصد گنجائش پر پرائیویٹ آفس کھولنے کی تجویز بھیجی جسے ایل جی نے منظور کرلیا۔ اس کے علاوہ جب تک دہلی میں معاملے مزید مستحکم نہیں ہو جاتے طاق وجفت اور ویک اینڈ کرفیو جاری رہے گا۔مسٹر جین نے بتایا کہ دہلی میں کورونا کی لہر کو دیکھتے ہوئے دہلی حکومت نے جانچ کی لاگت کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دہلی حکومت نے آر ٹی پی سی آر کی قیمت 500 روپے سے کم کر کے 300 روپے کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اب مریض کے گھر سے ٹیسٹ کے لیے نمونہ لینے پر صرف 500 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ اس کے علاوہ ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کی قیمت 300 روپے سے کم کر کے 100 روپے کر دی گئی ہے۔ وزیر صحت نے کورونا سے بچاؤ کے لیے ہر وقت ماسک پہننے اور کووڈ سے متعلق تمام پروٹوکول پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی حکومت کی طرف سے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں تاکہ دہلی میں انفیکشن کی رفتار کم ہو سکے۔ دہلی حکومت عوام سے درخواست کر رہی ہے کہ جس طرح محکمہ صحت اور ہیلتھ ورکر آگے بڑھ رہے ہیں، اسی توانائی کے ساتھ لوگوں کو بھی ماسک پہننا چاہیے، ہینڈ سینیٹائزر سے اپنے ہاتھ صاف کرنے اور قواعد کے مطابق سماجی دوری پر عمل کرنا چاہیے۔وزیر صحت نے لوگوں سے کورونا سے متعلق قوانین پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صرف احتیاط ہی اس کا اصل دفاع ہے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ حفاظت کے لیے ماسک پہنیں اور عوامی مقامات پر جاتے وقت سماجی دوری پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ گھر سے باہر نکلتے وقت ہمیشہ ماسک پہنیں اور کووڈ سے متعلق تمام پروٹوکول پر ہر وقت عمل کریں۔

 

Related Articles