سب انسپکٹر تقرری معاملہ:ہوم سکریٹری کی قیادت میں الزامات کی جانچ کی جائے گی: منوج سنہا
جموں،جون ۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر سروس سیلکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کی طرف سے حال ہی میں منظر پر عام لانے والے سب انسپکٹر اسامیوں کی تقرری کے فہرست میں مبینہ بد عنوانی کی جانچ کے لئے ہوم سکریٹری کی قیادت میں ایک جانچ کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی محدود وقت کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور اگر الزامات صحیح پائے گئے تو اس بھرتی عمل کالعدم قرار دیا جائے گا۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو اودھم پور میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’گذشتہ کچھ دنوں سے اخباروں میں یہ خبریں شائع ہو رہی ہیں کہ سب انسپکٹر اسامیوں کی تقرری کے سلسلے میں غیر جانبداری برتی گئی ہے جس سے یہ معاملہ شکوک کے گھیرے میں آگیا ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ ہوم سکریٹری آر کے گوئل کی قیادت میں اس معاملے کی جانچ کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔مسٹر سنہا نے کہا کہ یہ کمیٹی مخصوص وقت کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔انہوں نے کہا: ’اگر جانچ کے دوران تقرری میں غیر جانبداری پائی گئی تو اس عمل کو کالعدم قرار دیا جائے گا اور بھرتی سر نو شفافیت سے کی جائے گی‘۔ان کا کہنا تھا کہ اس میں ملوثین کے خلاف قانونی کارروائی انجام دی جائے گی۔موصوف نے کہا کہ اس سے پہلے کی جانی والی کسی بھی بھرتی عمل پر انگشت نمائی نہیں کی گئیانہوں نے کہا کہ اگر لوگوں کے ذہن میں خدشات ہیں تو انتظامیہ کی ذمہ داری ہوتی کہ وہ غیر جانبدارانہ جانچ شروع کرے۔بتادیں کہ جے کے ایس ایس بی نے4 جون پولیس سب انسپکٹر اسامیوں کی تقرری کی لسٹ جاری کی تھی جس پر امیدواروں نے اعتراض کیا تھا۔