ساؤتھ ایسٹ لندن میں گھر میں آگ لگنے سے چار افراد ہلاک

لندن ،نومبر۔ سائوتھ ایسٹ لندن میں ایک گھر میں آگ لگنے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوگئے، جن میں دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔ ہیملٹن روڈ بیکسلے ہیتھ پر واقع پراپرٹی کے پہلے فلور سے فائر فائٹرز ایک گروپ کو نکالنے میں کامیاب ہو گئے تھے لیکن چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ آگ لگنے کا واقعہ جمعرات کو 20:30 جی ایم ٹی پر پیش آیا تھا۔ لندن فائر بریگیڈز (ایل ایف بی) 21:45 پر آگ بجھانے میں کامیاب ہو گئی۔ ایک شخص کو، جو فائر فائٹرز کے پہنچنے سے پہلے ہی گھر سے نکل گیا تھا، ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال لے جایا گیا۔ آگ لگنے کا سبب معلوم کرنے کیلئے تفتیش جاری ہے۔ لندن فائر بریگیڈز (ایل ایف بی) نے چھ فائر انجن اور 40 فائر فائٹرز کو آگ پر قابو پانے کیلئے جائے وقوع پر بھیجا تھا جن میں بیکسلے، ایرتھ، پلمسٹیڈ، لی گرین اور سڈکپ فائر اسٹیشنز کا سٹاف شامل تھا۔ لندن فائر کمشنر اینڈی رو نے کہا کہ یہ واقعی ایک انتہائی افسوسناک اور خوفناک سانحہ ہے، مشکل کی اس گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں اور خیالات متاثرہ فیملی، فرینڈز اور لوکل کمیونٹی کے ساتھ ہیں۔ میٹ پولیس نے تصدیق کی کہ اس واقعے کی انکوائری جاری ہے۔ متاثرہ فیملی کے ارکان موقع پر پہنچ گئے اور ان میں سے کچھ شدت غم کی وجہ سے بے ہوش ہو گئے اور وہ دل گرفتہ انداز میں کہہ رہے تھے کہ ایسا کیوں ہوا، اوہ نہیں۔ پولیس انہیں تسلی دے رہی ہے۔ انہوں نیکہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ یہ ایک ہیملٹن روڈ پر نئی فیملی تھی جو کہ سری لنکن ہیریٹیج رکھتی ہے۔ پڑوسیوں نے بتایا کہ وہ بچوں کو سکول جاتے ہوئے دیکھتے تھے اور اس افسوسناک واقعے پر غمگین اور صدمے سے دو چار ہیں۔

Related Articles