سانس چل رہی تھی، بیٹی کی جان بچائی جاسکتی تھی، والدہ تونیشا شرما

ممبئی،جنوری ۔ بھارتی ٹیلی ویڑن کی آنجہانی اداکارہ تونیشا شرما کی والدہ ونیتا شرما نے کہا ہے کہ ان کی بیٹی کی جان بچائی جاسکتی تھی۔ تونیشا شرما کی والدہ نے ان کی آنجہانی بیٹی کے ساتھ ٹی وی ڈرامہ سیریل میں کام کرنے والے اداکار شیزان خان پر الزام عائد کیا کہ وہ تونیشا کو ایک ایسے اسپتال لے گئے تھے جو بہت دور واقع تھا۔ان کا کہنا تھا کہ جب تونیشا کو اسپتال لے جایا جارہا تھا تو وہ سانس لے رہی تھی اگر قریبی اسپتال لے جاتے تو وہ بچ سکتی تھی۔ان کے مطابق قریبی اسپتال اس ڈرامے کے سیٹ سے چند منٹ کے فاصلے پر تھا۔اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ونیتا شرما نے کہا کہ ان کی اپنی بیٹی کے ساتھ بہت اچھے تعلقات تھے۔میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے آنجہانی بیٹی کی ایک وائس میسیج بھی پلے کر کے سنوائی۔ونیتا شرما نے کہا کہ شیزان خان کی والدہ انہیں اپنی بیٹی تونیشا سے تعلقات کے بارے میں نہیں بتا سکتیں۔واضح رہے کہ 21 سالہ تونیشا شرما نے مبینہ طور پر اپنی موت سے 15 روز قبل شیزان سے مراسم ختم ہوجانے پر 24 دسمبر 2022 کو بھارتی ٹی وی کے سیریل ’علی بابا، داستان کابل‘ کے سیٹ پر خودکشی کرلی تھی۔جس کے بعد ممبئی پولیس نے شیزان خان کو خودکشی میں اعانت کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا اور اس وقت شیزان جوڈیشل کسٹڈی میں ہیں۔ونیتا شرما کا کہنا تھا کہ یہ خودکشی یا قتل ہوسکتا ہے، ایسا میں اس لیے کہہ رہی ہوں کیونکہ شیزان اسے ایک بہت دور واقع اسپتال لے گیا تھا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ سیٹ سے چند منٹوں کی مسافت پر اسپتال موجود تھا تو پھر وہ اسے اتنی دور کیوں لے گیا۔

Related Articles