ساجد خان کو ’بگ باس 16‘ سے نکالنے کیلئے بھارتی وزیر کو خط لکھ دیا گیا
نیو دہلی،اکتوبر۔ انڈیا کے یونین انفارمیشن اور براڈکاسٹنگ منسٹر انوراگ ٹھاکر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جنسی ہراسانی کے ملزم ساجد خان کو ’بگ باس 16‘ سے نکالا جائے۔دہلی کمیشن فار ویمن چیف سواتی مالیوال نے اس حوالے سے انوراگ ٹھاکر کو خط لکھا ہے۔سواتی مالیوال نے ٹویٹر پر لکھا ہے کہ ساجد خان پر دس خواتین نے جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے اور اب ایسے شخص کو بگ باس کا حصہ بنایا گیا ہے جو کہ غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے انوراگ ٹھاکر کو اس حوالے سے لکھ کر آگاہ کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ساجد خان کو شو سے باہر نکالا جائے۔ساجد خان کو 2018 میں جنسی ہراسانی کے الزامات پر آئی ایف ٹی ڈی اے نے ایک سال کیلئے معطل کیا تھا۔بگ باس سیزن 16 کی پہلی قسط یکم اگست کو نشر ہوئی تھی اور شو کی میزبانی بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کررہے ہیں۔