ساتھی اداکار کی وجہ سے طویل عرصے تک کامیڈی نہیں کرسکی، ارچنا سنگھ
ممبئی،مئی ۔ نامور بھارتی کامیڈین اور اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ ساتھی اداکاروں کی جانب سے حوصلہ شکنی کے بعد سے وہ طویل عرصے تک اداکاری نہیں کرسکی تھیں۔ خیال رہے کہ ارچنا پورن سنگھ اس وقت کامیڈی شو ’دا کپل شرما شو‘ کی مستقل مہمان کے فرائض نبھاتی نظر آتی رہیں، تاہم اب وہ شو کے عارضی وقفے کے دوران شیکھر سمن کے ساتھ ایک اور کامیڈی شو ’انڈیاز لافٹر چیمپئن‘ میں مہمان کے طور پر نظر آئیں گی۔ کامیڈی کی دنیا میں اپنا نام بنانے والی ارچنا نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ کس طرح دوستوں کی حوصلہ شکنی ان پر اثرانداز ہوئی۔ ارچنا کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ اسٹیج پر جب نیا پرفارمر آئے تو اس کی حوصلہ افزائی ضروری ہے، حتیٰ کہ جب ایک بچہ بھی شاعری پڑھتا ہے اور اگر آپ اسے نہیں سراہتے تو وہ اپنے اندر بیاعتمادی محسوس کرنا شروع کردیتا ہے۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اسی طرح جب میں کسی شو میں جج کی کرسی پر بیٹھتی ہوں تو اس میں ہر کنٹسٹنٹ کی جانب ایک ماں جیسی اْنسیت محسوس کرتی ہوں اور ان کی پرفارمنس پر ہنس کر انہیں سراہتی ہوں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 1980 کے عشرے میں نے ایک شو کیا تھا جس کا نام ’مسٹر یا مسز‘ تھا، اور میں نے اس میں ایک کامیڈی سین کیا، اس دوران ان اداکاروں میں سے ایک نے مجھ سے کہا کہ میں کامیڈی کرنا ہی نہیں جانتی۔ ارچنا کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد سے طویل عرصے تک وہ کامیڈی نہیں کر پائیں کیونکہ وہ اس کے بعد خود میں اعتماد کی کمی محسوس کرنا شروع ہوگئی تھیں اور سوچنے لگیں کہ اب وہ کبھی کسی کو نہیں ہنسا پائیں گی۔ کامیڈین نے کہا کہ کچھ وقت گزرنے کے بعد میں نے خود میں حوصلہ جمع کیا اور سخت محنت کی، اس کے بعد مجھے یاد ہے کہ یہی شو نہ صرف ایک اچھی مثال بنا بلکہ میرے کام کو بھی سراہا گیا۔