سابق فوجیوں کے تمام مسائل حل کریں گے: سنگھ

جالندھر ،مئی۔ مرکزی وزیر جنرل (ریٹائرڈ) وی کے۔ سنگھ نے اتوار کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکز کی بی جے پی حکومت سابق فوجیوں کے مسائل کے تئیں بہت سنجیدہ اور ہمدرد ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سابق فوجیوں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ جالندھر چھاؤنی میں بی جے پی کے سابق فوجی سیل کے ریاستی کنوینر کیپٹن جی ایس سدھو کی طرف سے منعقدہ انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سنگھ نے کہا کہ مرکز میں برسراقتدارکانگریس پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کی سابقہ ​​حکومتوں نے سابق فوجیوں کے معاملے پر صرف سیاست کی اورسابق فوجیوں کے ‘ون رینک ون پنشن’ کے مطالبے کو 27 سال سے لٹکائے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وزیر اعظم نریندر مودی نے 2014 میں اقتدار میں آتے ہی سابق فوجیوں کے اس بڑے مطالبے کو فوری طور پر قبول کرتے ہوئے اسے نافذ کیا اور سابق فوجیوں کو بڑی راحت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ یکم جولائی 2019 سے نافذ ہونے والے اوآر اوپی-2 کی خامیوں کو بھی جلد دور کر دیا جائے گا۔جنرل سنگھ نے کہا کہ بھگونت مان کی حکومت نے پنجاب کو برباد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سابق فوجیوں، ان کے اہل خانہ اور جالندھر کے تمام ووٹر بی جے پی کے امیدوار اندر اقبال سنگھ اٹوال کو اکثریت کے ساتھ کامیاب بناکر دہلی بھیجیں اور ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں کو مضبوط کریں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر سوم پرکاش نے کہا کہ سابق فوجیوں کو پریشان نہیں ہونا چاہئے، ان کے تمام مسائل ہماری توجہ میں ہیں اور جلد ہی حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی پنجاب حکومت نے پوری دنیا میں پنجاب کے نام پر دھبہ لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جو کہتی ہے وہ کرتی ہے۔بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری راجیش باگھا، کیپٹن جی ایس سدھو اور بی جے پی امیدوار اندر اقبال سنگھ اٹوال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرف بی جے پی ہی پنجاب کو خوشحال بنا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی تمام فلاحی اسکیمیں بغیر کسی تفریق کے نافذ کی جاتی ہیں۔

Related Articles