زیلنسکی کے ساتھ بات چیت میں مودی نے ہندوستانی شہریوں کے محفوظ انخلاء کے لیے تعاون مانگا
نئی دہلی، مارچ ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ تقریباً 35 منٹ کی بات چیت میں یوکرین کی صورتحال پر گفتگو کی اور مختلف شہروں خاص طور پر سومی میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کو بحفاظت باہر نکالنے کی مسلسل کوششوں کے لئے یوکرین کی طرف سے حمایت جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ۔سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ اس بات چیت میں مسٹر مودی نے یوکرین سے ہندوستانی شہریوں کےمحفوظ انخلاء کے لئے حکومت کی طرف سے کی گئی کوششوں کے لئے زیلنسکی کا شکریہ ادا کیا۔یوکرین کے صدر کے ساتھ بات چیت میں مسٹر مودی نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری براہ راست بات چیت کی بھی تعریف کی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی پیر کے روز دوپہر میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے بھی بات چیت کریں گے۔دریں اثنا روس نے یوکرین کے مختلف شہروں میں پھنسے غیر ملکی شہریوں کے محفوظ انخلاء کے لیے آج دوپہر 12.30 بجے سے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔