زخمی اجنکیا رہانے بھی آئی پی ایل 2022 سے باہر

ممبئی، مئی۔ اجنکیا رہانے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2022 کے بقیہ میچوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف پچھلے میچ میں ہیمسٹرنگ انجری میں مبتلا ہونے کے بعد وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ حیدرآباد کے خلاف رہانے نے 24 گیندوں میں تین چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے۔ تاہم اس دوران انہیں سنگل لینے میں دقت پیش آرہی تھی۔ وہ اپنی ہیمسٹرنگ پکڑے ہوئے تھے اور فزیو کو اوورز کے درمیان میں میدان میں اترنا پڑا۔ انجری کے باوجود رہانے نے بیٹنگ جاری رکھی اور عمران ملک نے انہیں آٹھویں اوور میں آؤٹ کیا۔ مجموعی طور پر رہانے نے آئی پی ایل 2022 میں سات میچ کھیلے اور انہوں نے صرف 133 رنز بنائے۔ اس دوران ان کا اوسط صرف 19 تھا اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 103.90 تھا۔ کولکتہ کے لیے اس سیزن کے پہلے میچ میں رہانے نے 44 رنز بنائے۔ تاہم اگلے چار میچوں میں وہ ایک بار بھی 15 رنز کا ہندسہ عبور نہ کر سکے۔ نتیجے کے طور پر وہ ٹیم سے ڈراپ کردیئے گئے اور کولکتہ نے چار مختلف ابتدائی جوڑے آزمائے۔ کامیابی نہ ہونے کی وجہ سے رہانے کو دوبارہ الیون میں شامل کیا گیا۔ کولکتہ نے حیدرآباد کو ہرا کر پلے آف میں جانے کی اپنی امیدیں زندہ رکھیں۔ تاہم اس کے لیے انہیں اپنا آخری میچ جیتنا ہو گا اور ساتھ ہی دوسری ٹیموں کے نتائج ان کے حق میں جائیں۔ رہانے کی غیر موجودگی میں آرون فنچ، سنیل نارائن، بابا اندرجیت اور سیم بلنگز اننگز کا آغاز کر سکتے ہیں۔ اس سے قبل ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر پیٹ کمنز کولہے کی چوٹ کی وجہ سے آئی پی ایل 2022 سے باہر ہوچکے ہیں۔ کولکتہ کا آخری لیگ میچ بدھ کو ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔ اس میچ میں ان کا مقابلہ لکھنؤ سپر جائنٹس سے ہوگا۔

Related Articles