روس کے کاروباری شخص کو جائیداد فروخت کرنے پر سابق شوہر نے انجلینا جولی کے خلاف مقدمہ درج کرادیا

نیویارک،فروری۔ ایک وقت تھا کہ بریڈپٹ اور انجلینا جولی ہالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑی تھی مگر طلاق کے بعد ساڑھے پانچ سال کا عرصہ ہونے کو آیا ہے کہ دونوں کے درمیان انتہائی گھٹیا الزامات اور تند و تیز الفاظ کا تبادلہ کھلے عام ہو رہا ہے اورایک دنیا اس پر حیران ہے کہ لوگوں کی نظروں میں ان کی کتنی خوبصورت جوڑی تھی مگر جب الگ ہوئے تو اندر سے کیا کچھ برآمد ہو رہا ہے۔ ان کی طلاق کے تصفیے کا مقدمہ دنیا کا مہنگا ترین مقدمہ بن چکا ہے اور اب تک دونوں 10،10لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم اس قانونی جنگ پر اڑا چکے ہیں مگر اونٹ کسی کروٹ بیٹھ کر نہیں دے رہا۔ ان کی طلاق کا معاملہ 2019ء میں خدا خدا کرکے طے پا گیا تھا مگر مالی معاملات اور اثاثوں پر قانونی جنگ تاحال جاری ہے۔ ایک مقدمہ ختم ہوتا ہے تو بریڈ پٹ یا انجلینا کی طرف سے نیا مقدمہ دائر کر دیا جاتا ہے۔ مئی 2021ء میں بچوں کی حوالگی کا مقدمہ ختم ہوا تھا اور عدالت نے بریڈپٹ کو ان کے چھ بچوں کی مشترکہ حوالگی دی تھی اور رواں ہفتے بریڈپٹ نے انجلینا جولی کے خلاف نیا مقدمہ دائر کر دیا ہے جس میں انہوں نے انجلینا کو اپنی فرانس میں واقع جاگیر ایک روسی ارب پتی شخص کو خفیہ طور پر فروخت کردینے کا موردالزام ٹھہرایا ہے۔ بریڈ پٹ نے اس مقدمے میں کہا ہے کہ ’’ہماری یہ جائیداد11کروڑ 60لاکھ پآنڈ مالیت کی تھی جس کے متعلق مجھے اب علم ہوا ہے کہ انجلینا اسے ایک روسی کاروباری شخص کو فروخت کر چکی ہے۔ ‘‘ واضح رہے کہ انجلینا جولی نے ستمبر 2016ء میں بریڈپٹ سے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور اب تک دونوں کے مابین مختلف معاملات پر قانونی جنگ جاری ہے۔

Related Articles