رنبیر کپور کا عامر خان کا مشورہ نہ ماننے کی غلطی کا اعتراف
ممبئی،جولائی۔بالی ووڈ اسٹار رنبیر کپور نے فلمی کیریئر کے آغاز سے قبل عامر خان کے مشورے کو نہ ماننے کی غلطی کا اعتراف کرلیا۔رنبیر کپور جو آج کل اپنی فلم "شمشیرا” کی پروموشن میں مصروف ہیں، نے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا کہ انہوں نے عامر خان کا ایک شاندار مشورہ نظر انداز کر دیا تھا۔بالی ووڈ اسٹار نے 2007ء میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’سانوریا‘ سے اداکاری کے سفر کا آغاز کیا تھا، یہ فلم انیل کپور کی صاحبزادی سونم کپور کی بھی پہلی فلم تھی۔انہوں نے بعد ازاں ’ویک اپ سیڈ‘، ’عجب پریم کی غضب کہانی‘، ’راج نیتی‘، ’بچنا اے حسینوں‘، ’جوانی ہے دیوانی‘ سمیت کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔انہوں نے بتایا کہ یہ اْس وقت کی بات ہے جب میں نے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، ایسے موقع پر عامر خان نے مجھے مشورہ دیا تو میں نے یہ سوچ کر اْسے ماننے سے انکار کیا کہ ’یہ کیا بول رہا ہے‘۔رنبیر کپور نے مزید کہا کہ دراصل مجھے اْس وقت عامر خان کا مشورہ سمجھ ہی نہیں آیا تھا، مگر تھا وہ بہت ہی اچھا۔انہوں نے دوران انٹرویو بتایا کہ عامر خان نے مجھے اداکار بننے سے پہلے کہا تھا کہ فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے، اپنا بیگ باندھو اور بس یا ٹرین کے ذریعے پورے بھارت کا سفر کرو، ملک کے چھوٹے چھوٹے شہروں میں جاؤ۔رنبیر کپور نے یہ بھی کہا کہ عامر نے مجھ سے کہا کہ ہم جیسے مراعات یافتہ لوگ، جو عیش و عشرت میں پلے بڑھے ہیں، وہ ملک کی ثقافت کے رنگوں سے واقف نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عامر خان کا یہ مشورہ بالکل درست تھا، وہ مجھے بالکل صحیح بات بتانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن تب میں نے اْن کی بات نظر انداز کر دی۔رنبیر کپور کی شمشیرا میں سنجے دت اور وانی کپور نمایاں کردار نبھا رہی ہیں جبکہ بالی ووڈ کے اداکار کی اپنی اہلیہ عالیہ بھٹ کے ساتھ ستمبر میں "براہماسترا” ریلیز ہوگی، جس میں امیتابھ بچن اور مونی رائے بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔